سوپور// (غلام محمد)
ماہ صیام کے آمد پر شمالی کشمیر سوپور اور دیگر ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو اضافی قیمتوں پرسبزیاں‘پھل اور دیگر ضروریات فروخت کرکے انہیں دو دو ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے جس کے نتیجے میں عوامی حلقوں میں سخت ناراضگی کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔
سوپور کے عوامی حلقوں نے بتایا ہے کہ ماہ مقدس شروع ہوتے ہی دکانداروں نے سبزی‘ میوہ‘مرغ اور دوسری ضروری اشیاء پر ناجائز منافع خور اور ذخیرہ اندوز عناصر نے قیمتوں میں بلاوجہ اضافہ کیا ہے۔
سوپور اور اس کے دیگر ملحقہ علاقوں کے اکثر صارف نے سبزیوں اور پھلوں کی اضافی قیمتوں پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کے نرخ ناموں کو بالائے طاق رکھ کر از خود تمام قیمتیں مقرر کرلی ہیں۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ ضروری غذائی اجناس میں اضافے کے ساتھ ساتھ سبزی اور میوہ فروشوں نے لوٹ مچا کر رکھ دی ہے اور من مانی قیمتوں پر سبزیوں کو فروخت کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
عوامی حلقوں کی شکایات پر آج تحصیلدار سوپور کی سربراہی میں محکمہ امور صارفین اور پولیس کے اشتراک سے قصبہ کے مختلف بازاروں کے دکانداروں کا معائنہ کیا اور انہیں موقع پر ہدایت دی کہ وہ گورنمنٹ کے نرخ ناموں کے مطابق اشیاء کی فروخت عمل میں لائے۔
عہدیداروںنے مرغ فروشوں اور قصابوں کو ہدایت دی کہ وہ ماہ رمضان کے دوران گورنمنٹ نرخ ناموں کے مطابق مرغ اور گوشت فروخت کریں ۔’’ اگر کسی بھی دکاندار کو خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا تو ان کے خلاف سخت کاروائی ہوگی۔‘‘