سرینگر//
سینئر کانگریس لیڈر ‘کے سی وینو گوپال کا کہنا ہے کہ جموں کشمیر میں ’بھارت جوڑو یاترا‘ کیلئے مثالی تیاریاں کی گئی ہیں اور اس یاترا میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ‘ عمر عبداللہ، محبوبہ مفتی، محمد یوسف تاریگامی جیسے قد آور لیڈر شرکت کرنے والے ہیں۔
گوپال نے کہا کہ جموںکشمیر میں یہ ایک بہت ہی بڑا پروگرام ہوگا اور یہاں کے لوگ اس یاترا کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
کانگریسی لیڈر نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دینے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا’’ہم بھارت جوڑو یاترا کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے جموں کشمیر آئے ہوئے ہیں کل ہم نے جموں میں لوگوں سے بات کی اور آج یہاں لوگوں کے ساتھ بات کی‘‘۔
گوپال کا کہنا تھا’’ہم خوش ہیں کہ جموںکشمیر میں اس یاترا کیلئے مثالی تیاریاں کی گئی ہیں یہاں یہ ایک بہت ہی بڑا پروگرام ہونے والا ہے اور جموں وکشمیر کے لوگ بھی اس یاترا کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں‘‘۔
کانگریس کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ جموں کشمیر کے لوگ اس یاترا کا اسی طرح والہانہ استقبال کریں گے جس طرح ملک کی باقی ریاستوں کے لوگوں نے کیا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کو جموںکشمیر کے ساتھ الگ ہی دلچسپی اور لگاؤ ہے اور ملک بھر کی نظریں یہاں ہونے والی یاترا کی پر ہیں۔
کانگریس کے سینئر لیڈر نے کہا کہ یہ ایک قومی پد یاترا ہے جو سال رواں کے۷ستمبر کو کنیا کماری سے شروع ہوئی اور یہاں کشمیر میں اختتام کو پہنچے گی۔انہوں نے کہا’’میں خوش ہوں کہ اس یاترا میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ، محبوبہ مفتی، محمد یوسف تاریگامی جیسے بڑے لیڈر شرکت کرنے کیلئے تیار ہیں جموں وکشمیر کے تمام ہم خیال لیڈر اس یاترا میں شمولیت کریں گے‘‘۔
گوپال کا کہنا تھا کہ اس یاترا کے اثرات بڑھ رہے ہیں اس میں روز بروز شرکت کرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ درج ہو رہا ہے ۔
کورونا صورتحال کے بارے میں پوچھے جانے پر گوپال نے کہا’’ہم بھی ملک کے لوگوں کے صحت اور کورونا صورتحال کے متعلق متفکر ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ ہم نے گذشتہ روز لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بھی ملاقات کی اور انہوں نے اس یاترا کو بھر پور تعاون دینے کا وعدہ کیا۔