جموں//
بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کے قومی جنرل سیکریٹری ‘ترون چگ نے کہا ہے کہ وادی میں ملی ٹینسی کے واقعات اور ملی ٹینسی کی تعداد دونوں کم ہوئے ہیں۔اْن کے مطابق عام شہریوں کے قتل میں ملوث افراد کو قبر تک پہنچایا جائے گا۔
ان باتوں کا اظہار چگ نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
بی جے پی کے جنرل سیکریٹری نے ہفتے کے روز کہاکہ پارٹی بلدیاتی ، پنچایتی اور اسمبلی چناؤ کیلئے پوری طرح تیار ہے۔اْن کے مطابق جموں وکشمیر میں چناؤ کرانے کا فیصلہ الیکشن کمیشن کو کرنا ہے لہذا اس حوالے سے مزید کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
چگ نے کہا کہ جموں کشمیر کے لوگوں نے بی جے پی کے ساتھ اپنی وابستگی جتائی ہے لہذا اسمبلی چناؤ میں بھاجپا کی جیت یقینی ہے۔
کشمیر کے حالات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں بی جے پی جنرل سیکریٹری نے کہاکہ وادی میں حالات کافی بہتر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اعدادوشمار سے یہ صاف ظاہر ہے کہ کشمیر میں حالات پہلے کے مقابلے میں کافی بہتر ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ملی ٹینسی کے واقعات اور ملی ٹینسی کی تعداد دونوں کم ہوئے۔اْن کے مطابق عام شہریوں کے قتل میں ملوث ملی ٹینٹوں کو قبر تک پہنچانے کا کام جاری ہے اور مستقبل میں بھی اس پر سختی کے ساتھ عمل ہوگا۔
چگ سے جب کشمیری پنڈتوں کو ٹرانسفر کرنے کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ بھاجپا کشمیری پنڈتوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے لہذا اْن کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی سعی کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر سیاست کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ انتظامیہ اس معاملے پر سنجیدگی کے ساتھ غور وغوض کر رہی ہیں۔