سرینگر/23 دسمبر
پولیس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) دلباغ سنگھ نے جمعہ کو کہا کہ دہشت گرد لوگوں کو دھمکیاں دے کر وادی میں خوشگوار ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سنگھ نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا ”ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے کہ وہ کشمیر کے پرامن اور خوشگوار ماحول کو خراب کرنے کے مقصد سے دھمکیاں دینے کے لیے اتنے نیچے گر گئے ہیں۔“
سنگھ عسکریت پسند تنظیم ‘ٹی آر ایف کے بارے میں سوالات کا جواب دے رہے تھے، جسے لشکر طیبہ کی شاخ سمجھا جاتا ہے، جس نے کشمیر میں بی جے پی کے عہدیداروں کو خطرہ جاری کیا ہے۔
ڈی جی پی نے کہا کہ عسکریت پسند اور ان کے آقا وادی میں امن اور ترقی کو ہضم نہیں کر سکتے۔
ٹی آر ایف نے جمعرات کی رات بارہمولہ ضلع کے لئے حال ہی میں نامزد بی جے پی عہدیداروں کو دھمکی جاری کی۔
منشیات کے کاروبار میں مبینہ طور پر ملوث پانچ پولیس اہلکاروں کی گرفتاری کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں سنگھ نے کہا کہ اس لعنت سے سختی سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔
دلباغ نے کہا ”ہمیں منشیات کی لعنت سے بالکل اسی طرح نمٹنا ہے جیسے ہم دہشت گردی کے ساتھ کر رہے ہیں۔ اس کارروائی کو تیز کرنے کی ضرورت ہے اور لوگوں کو بھی پولیس کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا،“ انہوں نے کہا“۔
قبل ازیں ڈی جی پی نے یہاں 18ویں شہداءمیموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد ہونے والی تقریب میں 40 ٹیمیں حصہ لیں گی۔