نئی دہلی/۱۹دسمبر
لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے واقعات پر آج گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وہاں کی صورتحال پر حکومت سے بیان دینے کا مطالبہ کیا۔
لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران کشمیر میں انتہاپسندوں کے ذریعہ آئے دن بے گناہ لوگوں کی ہلاکتوں کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر چودھری نے کہا کہ حکومت کو وہاں کی صورتحال پر بیان دینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ انتہاپسندوں نے کشمیری پنڈتوں کی فہرست تیار کی ہے اور وہ انہیں نشانہ بنا رہے ہیں۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ حکومت نے کہا تھا کہ جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد حالات میں بہتری آئے گی، لیکن وہاں دہشت گردی کے واقعات بدستور جاری ہیں اور بے گناہ لوگ مارے جا رہے ہیں۔ خاص طور پر کشمیری پنڈتوں کو وہاں سے بھگانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان حالات کے پیش نظر حکومت کو جموں و کشمیر کی صورتحال پر بیان دینا چاہئے اور اس پر ایوان میں بحث بھی کرانی چاہئے ۔