سرینگر/۱۰ دسمبر
نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے ہفتہ کو کشمیر کے کئی حصوں میں پوسٹر لگا کر مزاحمتی محاذ (ٹی آر ایف) کے جنگجوو¿ں کے بارے میں معلومات طلب کیں۔
فنانشل ایکسپریس کی خبر کے مطابق، دو پاکستانی شہریوں سمیت چار’ دہشت گرد‘ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو بنیاد پرست بنانے، تحریک دینے اور بھارت میں تشدد کرنے کے لیے بھرتی کرنے کی سازش کے سلسلے میں این آئی اے کو مطلوب ہیں۔
اس نے کہا کہ تحقیقاتی ایجنسی نے پہلے ہی چاروں’ دہشت گردوں ‘میں سے ہر ایک کے لئے 10 لاکھ روپے کے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔
حکام کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پوسٹرز میں پاکستانی شہریوں سلیم رحمانی عرف ’ابو سعد‘، نواب شاہ، سندھ، اور قصور کے شنگامانگا کے سیف اللہ ساجد جٹ، اور ان کے مقامی ساتھیوں سجاد گل آف سری نگر اور باسط احمد ڈار ساکنہ کولگام کے بارے میں معلومات مانگی گئی ہیں۔
این آئی اے نے اپنا ای میل ایڈریس، فون نمبر اور واٹس ایپ اور ٹیلی گرام نمبر بھی دیے ہیں تاکہ عوام سے معلومات حاصل کی جاسکیں۔ اس نے لوگوں کو یقین دلایا ہے کہ اطلاع دینے والے کی شناخت خفیہ رکھی جائے گی۔