سرینگر//(ویب ڈیسک)
ایک جنگجو گروپ کی طرف سے کشمیری پنڈت برادری سے تعلق رکھنے والے ۵۶ ملازمین کی ’ہٹ لسٹ‘ جاری کرنے کے چند دن بعد مرکزی داخلہ سکریٹری اجے بھلا نے منگل کو جموں اور کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
میٹنگ میں وزارت کے دیگر سینئر افسران، نیم فوجی دستوں، جموں و کشمیر انتظامیہ اور پولیس نے بھی شرکت کی۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ میٹنگ میں جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ایک اور اہلکار نے بتایا کہ یہ ایک معمول کی ماہانہ جائزہ میٹنگ ہے اور جموں و کشمیر انتظامیہ کے کچھ نمائندوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اس میں شرکت کی۔
ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ وادی میں کام کرنے والی کشمیری پنڈت برادری کے لوگ خوف و ہراس کی حالت میں ہیں جب ایک جنگجو گروپ نے ان میں سے ۵۶ ملازمین کی ’ہٹ لسٹ‘ جاری کی۔
لشکر طیبہ کی شاخ، دی ریزسٹنس فرنٹ (ٹی آر ایف) سے منسلک ایک بلاگ نے ۵۶کشمیری پنڈت ملازمین کی فہرست شائع کی ہے جنہیں وزیر اعظم کے بحالی پیکیج (پی ایم آر پی) کے تحت بھرتی کیا گیا تھا، اور ان پر بڑھتے ہوئے حملوں کا انتباہ دیا گیا تھا۔
مشتبہ جنگجوؤں کے ذریعہ ٹارگٹ کلنگ کے بعد، وادی میں پی ایم آر پی کے تحت کام کرنے والے کئی کشمیری پنڈت جموں منتقل ہو گئے ہیں اور وہ ۲۰۰ دنوں سے زیادہ عرصے سے احتجاج کر رہے ہیں اور ان کے بقیہ کو منتقل کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ حالیہ مہینوں میں جموں کشمیر میں تشدد کے اِکا دُکاواقعات ہوئے ہیں جن میں معصوم شہریوں، سیکورٹی اہلکاروں پر حملے اور سرحد پار سے دراندازی کی کوششیں شامل ہیں۔
حکومت نے پارلیمنٹ کو مطلع کیا تھا کہ جموں و کشمیر میں۲۰۱۹ میں آرٹیکل ۳۷۰ کی منسوخی کے بعد سے جولائی ۲۰۲۲تک ۵کشمیری پنڈتوں اور۱۶ دیگر ہندوؤں اور سکھوں سمیت ۱۱۸ شہری مارے گئے۔
کشمیری پنڈتوں کی ہلاکتوں نے کمیونٹی کے ارکان کی طرف سے احتجاج کو جنم دیا تھا اور انہوں نے سیکورٹی بڑھانے اور سرکاری ملازمین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
مئی میں جموں کے کٹرا کے قریب ان کی بس میں آگ لگنے سے چار ہندو یاتری ہلاک اور کم از کم ۲۰ زخمی ہو گئے تھے۔
پولیس کو شبہ ہے کہ آگ بھڑکانے کیلئے چپکنے والے بم کا استعمال کیا گیا ہے۔
جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دینے والی دفعہ۳۷۰ کو۵؍ اگست ۲۰۱۹ کو منسوخ کر دیا گیا تھا اور ریاست کو دو مرکزی زیر انتظام علاقوں جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کر دیا گیا تھا۔