اننت ناگ//
جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے ایک صحافی‘خالد گل کو پولیس نے گرفتار کیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ضلع اننت ناگ کے مٹن سے تعلق رکھنے والے خالد گْل کو گرفتار گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ انہیں ۲۰۱۷ میں درج ایک مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
خالد گل گزشتہ کئی برسوں سے جموں و کشمیر کے ایک معروف اخبار سے وابستہ ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ کشمیر میں صحافیوں کو آن لائن دھمکی سے متعلق ایک کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں پولیس نے ۱۹نومبر کو خالد گْل کی رہائش گاہ کی تلاشی لی تھی۔
واضح رہے کہ پولیس نے کچھ روز پہلے یہ دعویٰ کیا تھا کہ ترکیہ میں مقیم کشمیری نوجوان مختار احمد بابا اور پاکستان میں مقیم سجاد گل ساکن ایچ ایم ٹی، صحافیوں کو حالیہ دنوں میں ڈرانے دھمکانے کے واقعات میں ملوث ہیں۔
مختار بابا ترکیہ منتقل ہونے سے قبل سرینگر میں صحافت کے پیشے سے وابستہ تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کو اطلاعات ہیں کہ بابا استنبول اور اسلام آباد کے درمیان کئی بار سفر کرچکے ہیں۔
پولیس نے کشمیر میں متعدد صحافیوں کو طلب کرنے اور ان کے ڈیوائسز کو تحقیقات کیلئے ضبط کرنے کی کارروائی اس بیان کے بعد کی ہے جس میں دی ریزسٹنس فرنٹ نامی مبینہ عسکریت پسند گروہ نے کم و بیش دو درجن صحافیوں پر الزام عائد کیا کہ وہ بھارت کے خفیہ اداروں کیلئے کام کررہے ہیں۔
کشمیر سے شائع ہونیوالے دوانگریزی اخباروں رائزنگ کشمیر اور گریٹر کشمیر کے علاوہ کے این این ادارے سے وابستہ کم از کم پانچ نوجوان صحافیوں نے اس بیان کے بعد صحافت پیشہ ترک کرنے کا اعلان کیا تھا۔