نئی دہلی//صدرجمہوریہ ہند دروپدی مرمو کی قیادت میں پورے ممنون قوم نے آج بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ڈاکٹر امبیڈکر کے مہاپری نروان دیوس کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں مرکزی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جہاں ان کے مجسمے پر گلہائے عقیدت پیش کئے گئے ۔ محترمہ مرمو، نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا اور مرکزی سماجی انصاف و تفویض اختیارات کے وزیر وریندر کمار نے ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمے پر پھول چڑھائے ۔ کئی دیگر مرکزی وزرائ، ارکان پارلیمنٹ اور معززین نے بھی پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس پہنچ کر ڈاکٹر امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کو مہاپری نروان دیوس پر خراج عقیدت پیش کیا ہے اور ہمارے ملک کے لیے ان کی مثالی خدمات کو یاد کیا ہے ۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے آئین کے معمار باباصاحب امبیڈکر کو مہاپری نروان دیوس پر خراج عقیدت پیش کیا۔ مسٹر گاندھی نے کہا، ‘‘ہم شروع سے آخر تک یکساں ہیں۔ ہم شروع سے آخر تک ہندوستانی ہیں ، ان کے مہاپری نروان دیوس پر انہیں خراج عقیدت ’’ْ۔
مسٹر کھڑگے نے کہا کہ باباصاحب ڈاکٹر امبیڈکر کے مہاپری نروان دیوس پر، یہ آزادی، مساوات، بھائی چارے اور انصاف کے نظریات کی توثیق کرنے کا وقت ہے ، جس کی وہ ہمیشہ حمایت کرتے تھے ۔ سماجی تبدیلی کسی بھی ترقی کی بنیاد ہے ۔
ملک کے دیگر حصوں سے بھی ڈاکٹر امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کے مہاپری نروان دیوس پر کئی پروگرام منعقد کرنے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ ڈاکٹر امبیڈکر سے وابستہ پانچ مقامات پر خصوصی پروگرام منعقد کیے گئے ۔ بابا صاحب کو یاد کرتے ہوئے کئی سماجی تنظیموں اور سرکردہ افراد نے بھی انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔