سرینگر//
مرکز کے زیر انتظام کشمیر ڈویڑن میں دوبارہ پولنگ کیلئے دو ڈسٹرکٹ ڈولپمنٹ کونسل(ڈی ڈی سی) سیٹوں میں تقریباً ۴۳فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔
ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع بانڈی پورہ کے حاجن۔اے حلقہ میں ۳۳ء۵۳ ووٹر فیصد ریکارڈ کیا گیا جب کہ درگمولہ حلقہ کپوارہ ضلع میں ۷۳ء۳۲ فیصد ووٹ ڈالے گئے جہاں آج پولنگ ہوئی۔
ڈی ڈی سی درگمولہ کیلئے۴۲ پولنگ اسٹیشن بنائے گئے تھے جن کی شرح۷۳ء۳۲ رہی ۔ کل۳۲ہزار۷سو ۶۸ ووٹرز کے مقابلے میںدس ہزار۷سو۲۴ ووٹ ڈالے گئے۔۵۶۲۴ مرد اور۵۱۰۰ خواتین نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
جی ایم ایس جگتی، جی جی ایچ ایس پٹہ بوہری اور جی ایم ایس ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول ادھم پور میں قائم کشمیری تارکین کے لیے خصوصی پولنگ اسٹیشنوں پر بھی ۱۴۱ تارکین وطن ووٹ ڈالے گئے۔
اسی طرح حاجن اے میں۵۷ پولنگ اسٹیشنوں میں۳۳ء۵۳ فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔ کل۱۶ہزار۳۱۳ میں سے ۸۶۶۹ ووٹرز نے ووٹ کاسٹ کیا۔۸۵۶۵ میں سے۴۷۱۷ مرد اور۷۷۴۸ میں سے ۳۹۸۲ خواتین نے ووٹ کاسٹ کیا۔
ووٹنگ صبح ۷بجے شروع ہوئی اور دوپہر۲ بجے ختم ہوئی۔ دوپہر کے بعد پرامن طریقے سے گزرا جس میں ہر عمر کے لوگوں نے شرکت کی۔ کشمیری تارکین وطن نے بھی جموں کے مختلف مقامات پر ان کے لیے بنائے گئے خصوصی پولنگ اسٹیشنوں میں اپنا ووٹ ڈالا۔
سرد موسمی حالات اور اعلیٰ حفاظتی انتظامات کے درمیان، ووٹنگ آج صبح ۷بجے شروع ہوئی اور ڈی ڈی سی حلقوں میں دوپہر ۲بجے تک جاری رہی۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ گنتی ۸ دسمبر کو ہوگی اور پولنگ کا عمل ۱۲ دسمبر کو ختم ہوگا۔
انتظامیہ کی جانب سے انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے تھے، اس طرح پولنگ کا دن بغیر کسی ناخوشگوار واقعے کے گزر گیا۔
کپوارہ کے ڈی سی ڈاکٹر ساگر نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تمام ۴۲ پولنگ سٹیشنوں پر انتخابات پرامن طریقے سے ہوئے جن میں خواتین ووٹر کی اچھی تعداد تھی۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً ۳۲ فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ دن کا حتمی نتیجہ آنا ابھی باقی ہے۔
ڈی سی کپوارہ نے کہا کہ شدید سردی کے باوجود لوگ ووٹ ڈالنے نکل آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تمام بیلٹ بکس اسٹرانگ رومز میں جمع کرادیئے گئے ہیں، بعد ازاں اسٹرانگ روم کو گنتی کے دن یعنی ۸ دسمبر تک سیل کردیا جائے گا۔
ڈی ڈی سی انتخابات جموں و کشمیر میں دسمبر۲۰۲۰ میں ہوئے تھے۔ تاہم، ان دو سیٹوں پر ووٹوں کی گنتی روک دی گئی تھی۔
بعد میں، ریاستی الیکشن کمیشن ( ایس ای سی) نے ان حلقوں میں پولنگ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے، صومیہ صدف اور شازیہ اسلم کی امیدواری کو منسوخ کر دیا، اور پی او کے سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کی جانب سے جائے پیدائش کے بارے میں غلط معلومات کا حوالہ دیا۔