نئی دہلی//
وزیر اعظم نریندر مودی نے دنیا کی۲۰بڑی معیشتوں کے گروپ جی۲۰کی سربراہی کیلئے ہندوستان کی حمایت کیلئے فرانس اور امریکہ کے صدور سمیت عالمی رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا ہے ۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ایک ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے مودی نے ٹویٹ کیا’’میرے پیارے دوست ایمانوئل میکرون کا شکریہ! میں ہندوستان کی جی۔۲۰صدارت کے دوران آپ کے ساتھ گہرائی سے مشاورت کا منتظر ہوں، کیونکہ ہم پوری انسانیت کو متاثر کرنے والے مسائل پر دنیا کی توجہ مرکوز کرنے کیلئے کام کرتے ہیں‘‘۔
جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا کے مبارکبادی ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے ٹویٹر پر کہا’’آپ کی حمایت اہم ہے ۔ جاپان نے عالمی بہبود میں بہت زیادہ تعاون کیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ دنیا مختلف محاذوں پر جاپان کی کامیابیوں سے سیکھتی رہے گی‘‘۔
مودی نے اسی طرح ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز، یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل کے مبارکبادی پیغامات کا جواب دیا اور ان کی نیک خواہشات کا شکریہ ادا کیا۔
امریکی صدر جو بائیڈن کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے مودی نے ٹویٹر پر کہا’’شکریہ یوایس صدر ‘آپ کی قیمتی حمایت ہندوستان کی جی۲۰چیئرمین شپ کیلئے تقویت کا باعث ہوگی۔ یہ ضروری ہے کہ ہم سب مل کر ایک بہتر دنیا کی تعمیر کیلئے کام کریں‘‘۔
جی۲۰کی صدارت سنبھالنے پر ہندوستان کو مبارکباد دیتے ہوئے بائیڈن نے ٹویٹ کیا’’ہندوستان امریکہ کا ایک مضبوط شراکت دار ہے اور میں ہندوستان کی جی۲۰صدارت کے دوران اپنے دوست وزیر اعظم مودی کی حمایت کا منتظر ہوں۔ ہم مل کر پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کو آگے بڑھائیں گے اور مشترکہ چیلنجوں جیسے کہ آب و ہوا، توانائی اور خوراک کے بحرانوں سے نمٹیں گے ‘‘۔
ہندوستان نے یکم دسمبر کو جی۲۰کی صدارت سنبھالی۔ جی۲۰عالمی مجموعی گھریلو پیداوار کا۸۵فیصد اور آبادی کے دو تہائی حصے کی نمائندگی کرتا ہے ۔
ہندوستان اگلے سال جی۲۰سربراہی اجلاس کی صدارت کرے گا۔ اس سے قبل پروگراموں کا ایک طویل سلسلہ سال بھر جاری رہے گا۔
وزیر اعظم مودی نے جی۲۰کی ہندوستان کی صدارت کے آغاز پر ایک مضمون میں’دھرا ایک، کٹمب ایک، مستقبل ایک‘کے جذبے کی حوصلہ افزائی کرنے کے ہندوستان کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔