گاندربل//
رشوت ستانی اور بدعنوان ملازمین کے خلاف اپنی کارروائی کو جاری رکھتے ہوئے انسداد رشوت ستانی بیورو کی ٹیم نے سندھ فارسٹ رینج گاندربل کے ایک ملازم کو رشوت لیتے ہوئے پکڑلیا اور گرفتار کرلیا۔
اطلاعات کے مطابق سمبل بالا گنڈ میں محکمہ دیہی ترقی نے ویری نالہ تک ایک روڈ تعمیر کرنے کا کام ہاتھ میں لیا تاہم اس سڑک کی زد میں کچھ جنگلاتی اراضی بھی آئی تھی جس پر علاقے میں تعینات فارسٹ واچر غلام نبی آہنگر نے اعتراض کیا۔
اس حوالے سے سڑک تعمیر کر رہا ٹھکیدار لطیف احمد کسانہ نے بتایا کہ مذکورہ فارسٹ واچر نے اس کا کام روک کر اس سے۶ہزار روپے رشوت کی ڈیمانڈ کی۔ تاہم بعد میں پانچ ہزار پر مذکورہ ملازم نے آمادگی ظاہر کی اور پہلے۳ہزار کی رقم دینا طے ہوا۔ اس دوران مذکورہ ٹھیکدار نے اینٹی کرپشن بیورو کے پاس اس سلسلے میں ایک تحریری شکایت درج کی کہ سمبل بالا میں تعینات فارسٹ واچر اس سے رشوت مانگ رہا ہے۔
خبر ہے کہ اس سلسلے میں اے سی بی کی ایک ٹیم نے ایک جال بچھایا اور۳ ہزار کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں فارسٹ واچر غلام نبی آہنگر ولد غلام محمد آہنگر ساکن پرنگ کو گرفتار کیا۔
اس حوالے سے رینج آفیسر سندھ منیر احمد نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اْن کی نوٹس میں جوں ہی یہ اطلاع آئی کہ غلام نبی آہنگر نامی واچر جو کہ گنڈ سمبل میں تعینات ہے کو کسی سے رشوت لیتے ہوئے دھر لیا گیا ہے، تو انہوں نے فوری طور پر یہ اطلاع اپنے اعلیٰ افسران کو دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے محکمانہ تحقیقات بھی عمل میں لائی جائے گی۔
اینٹی کرپشن بیورو نے سندھ فارسٹ ڈویڑن گاندربل اور کسی بھی رشوت خور اور بدعنوان ملازم کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔