ڈوڈہ//
ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر اعلی جموں و کشمیر غلام نبی آزاد نے جمعرات کو کہا کہ وہ جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے اور ۵؍ اگست۲۰۱۹ کو جو تمام حقوق چھیننے گئے ان کو واپس لوگوں کو دلانے کیلئے سیاسی محاذ پر لڑتے رہیں گے۔
آزاد نے کہا کہ دیرپا امن اور استحکام کیلئے، ان کی پارٹی انتخابات کے بعد اقتدار میں آنے پر نوجوانوں کے لیے روزگار کے متنوع مواقع پیدا کرے گی۔انہوں نے کہا ’’ جب تک روزگار اور معاشی مواقع پیدا نہیں ہوتے، نوجوان مایوسی کا شکار رہیں گے۔ ہمارے پاس نوجوانوں کی کافی آبادی ہے اور ہمیں ملک کی ترقی کیلئے ان کی توانائی کو مثبت طریقے سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘
جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ نے آج ادھیان پور ڈوڈہ میں کہا’’ہم نوجوانوں کے ساتھ صرف اُس وقت مشغول ہو سکتے ہیں جب ہم انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کریں کیونکہ یو ٹی میں بے روزگاری کا مسئلہ بڑھتا جا رہا ہے اور موجودہ حکومت کے پاس اس سے نمٹنے کیلئے کوئی روڈ میپ دستیاب نہیں ہے‘‘۔
تاہم آزاد نے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کو بحال کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کیلئے روزگار اور زمین کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اپنے عہد کو پورا کرے۔انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی یو ٹی کے لوگوں کے قانونی اور حقیقی حقوق کیلئے کھڑے ہونے کے لیے پرعزم ہے۔
آزاد نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا عوام کے حق میں ہے اور ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو سماجی و اقتصادی حقوق کے ساتھ بااختیار بنایا جائے۔
سابق وزیر اعلیٰ نے وادی چناب کے تین روزہ دورے کا آج اختتام کیا۔ وادی کے اپنے دورے کے دوران انہوں نے سینکڑوں لوگوں سے ملاقات کی اور انہیں پارٹی کے ایجنڈے سے آگاہ کیا۔ وادی چناب میں سینکڑوں لوگ ان کی پارٹی میں شامل ہوئے۔
آزاد نے وادی چناب کے لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ انہیں نظر انداز نہیں کریں گے اور یہ خطہ معاشی سرگرمیوں کا مرکز بن کر ابھرے گا اگر ان کی پارٹی جب بھی انتخابات میں کامیابی حاصل کرتی ہے۔انہوں نے کہا’’ہم سب جانتے ہیں کہ وادی چناب کو یکے بعد دیگرے حکومتوں نے نظر انداز کیا۔ مقامی تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے ناقص مواقع کے ساتھ خطہ بے پناہ معاشی بحران کا شکار ہے۔ میں اس خطے سے تعلق رکھتا ہوں اور میں اس کی صلاحیتوں اور چیلنجوں کو جانتا ہوں۔‘‘
ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ان کا وادی چناب کے لیے ایک واضح ویژن ہے جس میں نہ صرف نئے معاشی مواقع پیدا کیے جائیں گے بلکہ بنیادی ڈھانچے کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا جائے گا۔
آزاد نے کہا’’وادی ٔ چناب میرے دل میں بسی ہے اور یہ میرا گھر ہے۔ اگر میری پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو یہ پورے ملک کے لیے ایک رول ماڈل بن کر ابھرے گی۔‘‘