نئی دہلی،// صحت و خاندانی فلاح و بہبود کی مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر بھارتی پروین پوار نے ایچ آئی وی ایڈز سے نمٹنے کے لیے سماجی شمولیت اور کثیر شعبوں کے نقطہ نظر کو بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے میں نوجوانوں کے ساتھ تعاون سے سماج میں بیداری پیدا کی جانی چاہئے ۔
جمعرات کو یہاں عالمی یوم ایڈز کے موقع پر منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر پوار نے کہا کہ ایچ آئی وی ایڈز سے متاثرہ آبادی کے خلاف امتیازی سلوک کو کم کرنے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ریڈ ربن کلب اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور ایسے 12500 سے زائد کلبوں کو بڑے پیمانے پر آگاہی کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے ایچ آئی وی ایڈز اور ایس ٹی ڈی (جنسی طور پر منتقل ہونے والی بیماریوں) سے نمٹنے کے لیے میکانزم کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ سماجی تنظیم کو چاہیے کہ وہ کالج اور یونیورسٹی کے نوجوانوں کو بیداری پیدا کرنے اور ایچ آئی وی ایڈز سے منسلک امتیازی سلوک کو ختم کرنے کے لیے استعمال کریں۔
اس تقریب میں نیشنل ڈیجیٹل ریپوزٹری، نیشنل ڈیٹا سینٹر کے ساتھ ساتھ اہم نگرانی اور وبائی امراض کی رپورٹس کی نقاب کشائی کی گئی۔ پروگرام میں 3000 سے زائد شرکاء نے شرکت کی۔ اس موقع پر صحت و خاندانی فلاح و بہبود کی وزارت کے خصوصی سکریٹری ایس۔ گوپال کرشنن بھی موجود تھے ۔