جموں/30 نومبر
بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف ) کے آئی جی ‘ڈی کے بورا نے بدھ کے روز کہا کہ دراندازی کی کوششوں کے باوجود بین الاقوامی کنٹرول لائن پر حالات پوری طرح سے قابو میں ہے ۔
بورا نے کہاکہ سرحدوں پر تعینات افواج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کےلئے تیارہیں ۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
بورا نے کہاکہ جموں میں بین الاقوامی کنٹرول لائن پوری طرح سے محفوظ ہے اور بی ایس ایف جوان اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔اُن کے مطابق اگر چہ امسال بین الاقوامی سرحد پر دراندازی کی کئی کوششیں ہوئیں تاہم سبھی کو ناکام بنایا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ جموں میں پاکستانی ڈرون سرگرمیوں میں بھی غیر معمولی کمی واقع ہوئی ہے ۔
آئی جی بی ایس ایف نے بتایا کہ ڈرونز کے ذریعے بھارتی حدود میں گرائے گئے ہتھیاروں کو بھی برآمد کیا گیا ۔
بورا نے کہا” سرحدوں پر تعینات افواج نے امسال دراندازی کی کئی کوششوں کو ناکام بنایا جس دوران ہتھیار و گولہ بارود کو برآمد کرکے ضبط کیا گیا“۔انہوں نے کہاکہ امسال دراندازی کی کوششوں کے دوران سات ملی ٹینٹوں اور اُن کے مدد گاروں کو مار گرایا گیا ۔
آئی جی بی ایس ایف نے بتایا کہ سرحدیں پوری طرح سے محفوظ ہے اور اس کو مزید محفوظ بنانے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔اُن کے مطابق امسال بین الاقوامی کنٹول لائن پر چار رائفلیں اور سات پستول برآمد کئے گئے ۔
آئی جی بی ایس ایف کے مطابق سرحدوں پر تعینات افواج چوبیس گھنٹے اپنے فرائض خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں اور کسی کو بھی اس طرف آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔