نئی دہلی//
وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو’یوم آئین‘کے موقع پر ۱۱/۲۶’ممبئی دہشت گردانہ حملے‘میں ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
مودی نے۱۴سال قبل ممبئی میں ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے یہاں سپریم کورٹ کے ذریعہ منعقد ایک تقریب میں اپنی تقریر کا آغاز کیا۔
وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ۲۶نومبر کو جب ملک یوم آئین منا رہا تھا، ہندوستان کو انسانیت کے دشمنوں کے ہاتھوں اپنی تاریخ کے سب سے بڑے دہشت گرد حملے کا سامنا کرنا پڑا۔
اس واقعہ کو یاد کرتے ہوئے مودی نے کہا’’۱۴سال پہلے جب ہندوستان اپنے آ‘ اپنے شہریوں کے حقوق کا جشن منا رہا تھا، ہندوستان پر سب سے بڑا دہشت گرد حملہ انسانیت کے دشمنوں نے کیا تھا۔ میں ممبئی دہشت گردانہ حملوں میں مرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔‘‘
دریں اثنا وزیر خارجہ‘ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے ہفتہ کو کہا کہ۲۰۰۸کے ممبئی دہشت گردانہ حملے کے ماسٹر مائنڈ کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہئے ۔
ڈاکٹر جے شنکر نے ٹویٹ کیا’’دہشت گردی انسانیت کے لیے خطرہ ہے ۔ آج۲۶/۱۱کو دنیا اس کے متاثرین کو یاد کرنے میں ہندوستان کے ساتھ کھڑی ہے ۔ جنہوں نے حملے کی منصوبہ بندی کی اور اس کی نگرانی کی انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے ‘‘۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا’’یہ ہم پر منحصر ہے کہ بین الاقوامی برادری کے ذمہ دار ممبر کی حیثیت سے ہم اس صدمے کو یاد رکھیں اور دہشت گردی کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے اپنی کوششوں میں ثابت قدم رہیں‘‘۔
وزیر خارجہ نے ممبئی حملے کی تصاویر کے ساتھ ایک مختصر ویڈیو بھی شیئر کی جس میں۱۴۰ہندوستانی اور۲۳دیگر ممالک کے۲۶شہری ہلاک اور۳۰۰سے زیادہ زخمی ہوئے ۔
ویڈیو میں وزیر اعظم نریندر مودی کے دارالحکومت میں’نو منی فار ٹیرر منسٹریل کانفرنس‘کے حالیہ خطاب کے اقتباسات بھی شامل ہیں۔