سرینگر//
جموںکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے شہام پورہ نوہٹہ علاقے میں آتشزدگی کی ایک واردات کے دوران تین مکان خاکستر ہوئے ۔
فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ پائین شہر کے گنجان آبادی والے علاقے شہام پورہ نوہٹہ میں رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل مزید دو مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
مقامی پولیس اور فائراینڈ ایمرجنسی کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گرچہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات کے دوران تین مکانوں کو نقصان پہنچا۔
معلوم ہوا ہے کہ عبدالرشید نامی شہری کے رہائشی مکان کوشدید نقصان پہنچا اور وہاں پر موجود لاکھوں روپیہ کی مالیت اشیا راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئی۔
فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ پانچ فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ آگ کی اس واردات کے دوران تین رہائشی مکانوں کی اوپری منزل کو جزوی نقصان پہنچا ہے ۔
دریں اثناجنوبی ضلع اننت ناگ کے تلہ باغ شانگس علاقے میں درمیانی شب آتشزدگی کی ایک واردات کے دوران کم از کم چار گاوں خانے خاکستر ہوئے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب شانگس اننت ناگ میں گاو خانے سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل مزید تین کو لپیٹ میں لے لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں اگر چہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس دوران کے دوران چار شیڈ خاکستر ہوئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ آگ کی اس واردات کے دوران ایک پالتو کتا بھی جھلس جانے سے از جان ہوا۔پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔