سرینگر//
جموں کشمیر حکومت نے یکم دسمبر سے شروع ہونے والے تین مرحلوں میں اسکولوں کیلئے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پرنسپل سکریٹری اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ (ایس ای ڈی) آلوک کمار کی طرف سے جاری ایک حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ۵ویں جماعت تک کے طلباء کیلئے موسم سرما کی تعطیلات یکم دسمبر سے شروع ہوں گی اور اس کے بعد ۱۲ دسمبر سے چھٹی سے۸ویں جماعت کے طلبہ کے لیے موسم سرما کی تعطیلات شروع ہوں گی۔
کمار نے کہا کہ نویں سے بارہویں جماعت کے طلباء کی موسم سرما کی تعطیلات ۱۹ دسمبر سے شروع ہوں گی۔
حکم نامے کے مطابق سرمائی تعطیلات کے بعد تعلیمی ادارے یکم مارچ کو کھلیں گے ۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے’’ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کا تدریسی عملہ ۲۰ فروری۲۰۲۳ کو اپنے متعلقہ اسکولوں میں واپس رپورٹ کرے گا‘ تاکہ وہ آنے والے امتحانات کی تیاری کیلئے انتظامات کرنے کیلئے دستیاب رہے‘‘۔
آرڈر میں کہا گیا ہے کہ تمام اساتذہ چھٹیوں کے دوران طلباء کی کسی بھی آن لائن رہنمائی کے مطالبے پر دستیاب رہیں گے۔
حکم نامے میں مزید کہاگیا ہے’’مندرجہ بالا شیڈول کی تعمیل میں ہیڈ آف سکولز/ٹیچنگ سٹاف کی طرف سے کسی بھی خامی پر قواعد کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔‘‘
اس سے پہلے محکمہ تعلیم کے پرنسپل سیکریٹر نے نے کہا’’ہم نے ڈائریکٹر ایجوکیشن کشمیر کی طرف سے بھیجی گئی تجویز میں کچھ تبدیلیاں کی ہیں۔ لیکن تاریخوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور آرڈر بھی جاری کر دیا گیا ہے‘‘۔
قبل ازیں ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر ڈی ایس ای کے نے کشمیر میں سردی کی موجودہ لہر کے پیش نظر یکم دسمبر ۲۰۲۲ سے سکولوں کیلئے موسم سرما کی تعطیلات کے اعلان کی تجویز پیش کی تھی۔
کمار نے کہا’’سخت سردی ۲۱ دسمبر سے شروع ہو رہی ہے اور اس سے پہلے اسکول بند کر دیے جائیں گے۔‘‘