سرینگر//
سکریٹری، محکمہ انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات (ڈی اے آر پی جی)، وی سرینواس نے آج کہا کہ انتظامی اصلاحات اور عوامی شکایات کا محکمہ (ڈی اے آر پی جی) اور الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت (ایم ای آئی ٹی وائی) حکومت ہند مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر حکومت کے اشتراک سے ۲۶؍ اور۲۷ نومبر کو جموں و کشمیر کے کٹرہ شہر میں ای۔حکمرانی کے بارے میں ۲۵ ویں قومی کانفرنس (این سی ای جی) کا انعقاد کریں گے۔
سکریٹری نے یہ اطلاع شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی، کٹرہ میں منعقدہ پریس بریفنگ کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے دی۔
ذرائع ابلاغ سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے وی سرینواس نے کہا کہ اس کانفرنس کا موضوع ’’شہریوں، صنعت اور حکومت کو قریب لانا‘‘ ہے اور کانفرنس کا افتتاح ڈاکٹر جتیندر سنگھ، وزیر مملکت (آزادانہ چارج) وزیر اعظم کے دفتر کریں گے۔
سکریٹری نے کہا کہ چونکہ ۲۶ نومبر کو آئین ہند کو اختیار کرنے کی یاد میں یوم آئین کے طور پر منایا جا رہا ہے، مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ ۲۵ویں این سی ای جی کے افتتاحی اجلاس کے دوران تمام شرکاء کے ساتھ آئین کی تمہید پڑھ کر سنائیں گے۔
جموں اور کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر‘ منوج سنہا۲۷نومبر کو۲۵ویں این سی ای جی کے اختتامی اجلاس کی صدارت کریں گے۔
ہریانہ کے وزیراعلیٰ بھی اختتامی اجلاس میں شرکت کریں گے ، جس میں ڈجیٹل جے اینڈ کے پہل قدمیوں کا آغاز کیاجائے گااورجموں وکشمیر حکومت کی جانب سے مفاہمت ناموں پردستخط کئے جائیں گے۔
سکریٹری نے کہا کہ این اے ای جی اسکیم۲۰۲۲ کے۵زمروں کے تحت ای۔گورننس کے لیے قومی ایوارڈ (این اے ای جی) مرکزی، ریاستی اور ضلعی سطحوں، تعلیمی اور تحقیقی اداروں اور پبلک سیکٹر انڈر ٹیکنگ پر ۱۸ ای-گورننس اقدامات کے تحت پیش کیے جائیں گے۔
وی سرینواس نے مزید کہا کہ اگلی دہائی میں حکمرانی کے لئے بھارت کو ڈجیٹل لحاظ سے بااختیارمعاشرہ بنانے اور علم ودانش کی معیشت میں تبدیلی کرنے کی غرض سے ، ڈجیٹل جدت طرازی ایک اہم کردار اداکرے گی۔ اس کی بدولت ان موضوعات اورٹیکنالوجیزکے بارے میں تبادلہ خیال اورغوروخوض کرنے کی ضرورت پیش آئے گی ، جو مستقبل میں ڈجیٹل حکمرانی کے خدوخال طے کریں گے۔ تاکہ عام شہریوں کو سرکاری خدمات کی فراہمی میں اضافہ کیاجاسکے۔
سیکریٹری نے کہا کہ اس کانفرنس میں مقتدراورممتاز مقررین کو مدعو کیاجائے گاتاکہ وہ اس موضوع پراپنی معلومات اور بصیرت سے مطلع کرسکیں اوراس طرح یہ کانفرنس‘ ان ٹیکنالوجیز میں سے بعض ٹیکنالوجیز پرتبادلۂ ٔخیال کے لئے ایک پلیٹ فارم بن جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کانفرنس کی بدولت جموں وکشمیر سمیت پورے ملک میں ای حکمرانی سے متعلق پہل قدمیوں کو خاطرخواہ رفتارملے گی اورسبھی کو مکمل طورپر خدمات کی فراہمی سے عمل کو بہتربنانے کی غرض سے سول سرونٹس اورممتاز صنعت کاروں کوای حکمرانی کے اپنے کامیابی اقدامات کو اجاگرکرنے کے لئے مواقع فراہم ہوں گے۔
سیکرٹری نے کہا کہ مرکزی وزارتوں/محکموں اور۲۸ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام۸ علاقوں کے مندوبین نے کانفرنس میں اپنی شرکت کی تصدیق کر دی ہے اور کٹرہ میں ہونے والی اس کانفرنس میں۱۶۰۰ سے زیادہ مندوبین کی شرکت متوقع ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ تقریب کے دوران ای حکمرانی کے شعبے میں بھارت کی حصولیابیوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔