نئی دہلی// کانگریس نے کہا ہے کہ اگر دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں اسے اکثریت حاصل ہوتی ہے اور پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو قومی دارالحکومت کے لوگوں کو پینے کا صاف
پانی فراہم کیا جائے گا اور 28 لاکھ غریب خاندانوں کو صاف پانی دینے کے لئے آر او دیا جائے گا۔
دہلی پردیش کانگریس کے صدر چودھری انل کمار نے جمعرات کو پٹپڑ گنج اسمبلی کے ونود نگر، منڈاولی اور کبیر نگر وارڈوں میں کانگریس امیدواروں کے حق میں مہم چلاتے ہوئے پیدل مارچ کیا۔ اس دوران انہوں نے کئی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کارپوریشن کے اقتدار میں آنے کے بعد دہلی کے 28 لاکھ غریب خاندانوں کوآراو فراہم کرکے صاف پانی دے گی۔
انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ڈیڑھ دہائی کے دور حکومت میں دہلی تباہ ہوئی ہے اور میونسپل کارپوریشن کے سامنے کئی چیلنجز کھڑے ہو گئے ہیں۔ ان کا کہناتھا کہ اگر کانگریس کارپوریشن انتخابات جیتتی ہے تو دہلی کو بیماری سے پاک، مفت بوتل بند پانی، ٹینکر مافیا سے پاک بناکرلوگوں کو پینے کے لیے صاف پانی مہیا کیا جائے گا۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ15 برسوں کی بدعنوان بی جے پی حکومت اور مسٹراروند کیجریوال کی زیرقیادت عام آدمی پارٹی کی حکومت کی آٹھ برسوں کی ناقص حکمرانی میں دہلی بدحال، آلودہ، گندگی اور کچرے کے ڈھیر میں بدل گئی ہے ۔ کیجریوال حکومت نے دہلی کے لوگوں کو دھوکہ دیا ہے اور عام لوگوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی دونوں گجرات انتخابات میں مصروف ہیں، ان کے پاس دہلی والوں کے لیے وقت ہی نہیں ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دہلی کے عوام میونسپل کارپوریشن انتخابات میں کانگریس کو اکثریت دلائیں گے اور کانگریس کے نعرے ‘میری چمکتی دہلی’ کو معنی خیز بنانے کے لیے کانگریس امیدواروں کو ووٹ دے کر دہلی میونسپل کارپوریشن میں کانگریس کو اقتدار سونپیں گے ۔