دوحہ//
پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے حال ہی میں برطانوی صحافی کو دیے انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ سعودی عرب کے فٹبال کلب کی جانب سے انہیں تقریباً 360 ملین ڈالرز کے 2 سال کے معاہدے کی پیشکش کی گئی تھی۔
کرسٹیانو رونالڈو نے اس حوالے سے کہا تھا کہ میں نے اس پیشکش کو مسترد کردیا تھا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو کی اس بات پر اب سعودی وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی نے اپنا موقف دیا ہے۔
امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی نے کہا کہ اس بات کا سیدھا جواب یہی ہے کہ مجھے اس بات کا علم نہیں۔
سعودی وزیر کھیل نے کہا کہ میں نے بھی وہی پڑھا جو آپ خبروں میں پڑھتے ہیں، مجھے نہیں معلوم کہ اس کے مستقبل کے منصوبے کیا ہیں۔
شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی سے پوچھا گیا کہ کیا آپ رونالڈو کو سعودی عرب میں کھیلتا دیکھنا چاہتے ہیں؟
سعودی وزیر کا جواب میں کہنا تھا کہ کیوں نہیں، ہمارے ملک میں فٹبال مضبوط ہے تو کیوں نہیں۔
شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی نے کہا کہ ہمارے پاس مضبوط لیگ ہیں، جس کی ہر ٹیم میں 7 غیرملکی کھلاڑی کھیل رہے ہیں اور ہم اس کو بڑھانے کی بھی کوشش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈکپ 2022 میں دو مرتبہ کی چیمپئن ٹیم ارجنٹینا کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کرنے کے بعد شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی نے سعودی عرب کی ٹیم کے ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کے ساتھ جیت کا جشن بھی منایا تھا۔