سرینگر،20نومبر
سماج کو منشیات سے پاک کرنے کی خاطر پولیس کی جانب سے چھیڑی گئی ایک خاص مہم کے تحت اوڑی پولیس نے فوج کے ساتھ ایک مشترکہ آپریشن کے دوران کروڑوں روپیہ مالیت کی ہیروئن برآمد کرکے ضبط کی ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروش کو بھی دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور فوج نے اوڑی کے اے ڈی پوسٹ کے نزدیک ناکہ لگایا جس دوران ایک شخص کو رکنے کا اشارہ کیا گیاتاہم اُس نے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی۔
ترجمان نے بتایا کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کا ر لا کر منشیات فروش جس کی شناخت امتیاز احمد بٹ ولد افضل بٹ ساکن شاہور اوڑی کے بطور ہوئی ہے کی گرفتاری عمل میں لا کر اُس کے قبضے سے چار پیکٹ برآمد کئے ۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ پیکٹ سے کروڑوں روپیہ مالیت کی ہیروئن برآمد کی گئی۔انہوں نے کہاکہ گرفتار منشیات فروش کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ۔
دریں اثنا پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے کو مطلع کریں تاکہ اس بدعت کا قلع قمع کیا جاسکے ۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ منشیات فروشی کے ناجائز دھندے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پولیس کی جانب سے منشیات اور نشیلی ادویات کے خلاف چلائی جا رہی مہم کامقصد لوگوں کو منشیات سے پاک ماحول فراہم کرنا مقصود ہے ۔
منشیات فروش سماج کے لئے ناسور بن چکے ہیں لہذا اس بیماری کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے ہر ایک کو اپنا دستِ تعاون پیش کرنا چاہئے تاکہ نوجوان نسل کو بری عادتوں میں مبتلا ہونے سے دور رکھا جاسکے ۔