جموں/20نومبر
جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نزدیک ڈرون کو اڑتے ہوئے دیکھنے کے بعد ہائی الرٹ جاری کیا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ ائر ٹریفک کنٹرول میں نصب راڈار نے ڈرون کی نقل و حمل کے بارے میں جوں ہی اطلاع دی تو فوری طور پر ہوائی اڈے کے اردگرد ہائی الرٹ جاری کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز جموں ہوائی اڈے کے نزدیک مشتبہ ڈرون کی نقل و حمل کے بعد سیکورٹی فورسز کو ہائی الرٹ پر رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ڈرون کی نقل و حرکت ہوائی اڈے سے دو کلومیٹر کے فاصلے پر تھی جہاں اے ٹی سی کے رڈاروں نے اس کا پتہ لگایا۔ اس کے بعد ڈرون کی نشاندہی کے بعد ہائی الرٹ جاری کیا گیا ۔
ذرائع نے بتایا کہ جموں ہوائی اڈے اور ائر فورس اسٹیشن میں تعینات عملے کو مستعد رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے اتوار کے روزعلاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا تاکہ یہ دیکھا جائے کہ کہیں ڈرون نے اس طرف کوئی مواد مت چھوڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے تاہم فی الوقت سیکورٹی فورسز کو کوئی بھی شئی ہاتھ نہیں آئی ہے ۔
بتادیں کہ گزشتہ سال جون کے مہینے میں جموں ہوائی اڈے میں قائم ائر فورس اسٹیشن عمارت پر ڈرون کے ذریعے بم گرائے گئے جس کے نتیجے میں دو اہلکار معمولی طورپر زخمی ہوئے تھے ۔