سرینگر//
وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے نے کہا کہ ملک کے اتحاد اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے کسی کو نہیں بخشاجائیگا۔
منی پال میں اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کے۳۰ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ ہندوستان کسی بھی ملک کو اکساتا نہیں ہے اور ساتھ ہی ملک کے اتحاد اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے کسی کو بھی نہیں بخشے گا۔
سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان کو اب بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر توجہ اور سنجیدگی کے ساتھ سنا جا رہا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا’’ہندوستان نے دہشت گردی جیسے مسائل پر دنیا کی قیادت کی ہے اور اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے حمایت حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ دہشت گردی کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے والے ممالک اب ہندوستان کی صلاحیتوں سے بخوبی واقف ہیں۔ ہندوستان کسی بھی ملک کو اشتعال نہیں دیتا اور نہ ہی اس کی یکجہتی اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والے کو بخشتا ہے۔‘‘
موجودہ دور کو علم پر مبنی اور مسلسل ترقی پذیر قرار دیتے ہوئے وزیر دفاع نے انسانی سرمائے کے معیار اور مقدار کو اپ گریڈ کرنے پر زور دیا جو کہ کسی ملک کی ترقی کیلئے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تکنیکی صلاحیتوں اور شہریوں کی اختراعی ذہانت کسی قوم کو آگے لے جانے کا سب سے فیصلہ کن عنصر ہے۔