سرینگر//
مرکزی وزیر قانون کرن رجیجو نے جمعرات کو کہا کہ الیکشن کمیشن ایک خود مختار ادارہ ہے جسے کسی کے اشاروں پر ناچنے کی ضرورت نہیں ہے ۔’’جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات صحیح وقت پر ہوں‘‘۔
جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے رجیجو نے یہ کہا کہ میڈیا جموں و کشمیر میں ڈی ڈی سی انتخابات کے نتیجے میں ہونے والی ترقی کے بارے میں بات نہیں کرتا بلکہ صرف اسمبلی انتخابات کے بارے میں بات کرتا ہے۔
یہ پوچھے جانے پر کہ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کب ہوں گے، رجیجو نے کہا کہ وہ صحیح وقت پر ہوں گے۔وزیر قانون نے کہا کہ یہ انتخابات وقت پر ہوں گے کیونکہ ابھی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
رجیجوکاکہنا تھا’’ڈی ڈی سی کے انتخابات شاندار طریقے سے ہوئے اور ان انتخابات کی وجہ سے بہت اچھا کام ہو رہا ہے۔ آپ ترقی کے بارے میں نہیں لکھیں گے، آپ صرف الیکشن کے بارے میں ہی بھنگڑے ڈالیں گے‘‘۔
جموں و کشمیر میں ضلع ترقیاتی کونسل کے انتخابات ۲۰۲۰میںدفعہ ۳۷۰ کی منسوخی کے ایک سال بعد ہو ئے تھے۔
اپوزیشن کے اس الزام کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہ الیکشن کمیشن حکومت اور بی جے پی کی ہدایت پر کام کر رہا ہے، رجیجو نے کہا کہ انتخابی پینل غیر جانبدار اور آزاد ہے۔
وزیر قانون کاکہنا تھا’’انتظامی وزیر انچارج ہونے کے ناطے، ہندوستان کا الیکشن کمیشن وزارت قانون کو رپورٹ کرتا ہے ،میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہندوستان کا الیکشن کمیشن ایک غیر جانبدار، شفاف، بااختیار اور خودمختار ادارہ ہے‘‘۔
رجیجو نے کہا کہ پولنگ پینل میں حکومت کا کردار اس کے ہموار کام کے لیے انتظامات کرنے تک محدود ہے۔انہوں نے کہا’’حکومت الیکشن کمیشن کو مدد فراہم کرتی ہے کیونکہ حکومتی مدد کے بغیر نہ عدالتیں چل سکتی ہیں اور نہ ہی کوئی ادارہ۔ حکومت کا فرض ہے کہ وہ انتظامات کرے تاکہ یہ ادارے کام کر سکیں لیکن ہم کسی کو اپنی دھنوں پر ناچنے نہیں دیتے۔‘‘