تو صاحبان ‘ مہر بان ‘ قدردان اور … اور انجان آج کی تازہ اور … ایک دم تازہ خبر یہ ہے کہ محکمہ بجلی کاکہنا ہے کہ وہ ایک نیا بجلی کٹوتی شیڈول بنا رہا ہے ‘ جسے آئندہ کچھ دنوں میں جاری کردیا جائیگا …اس کاکہنا ہے کہ شوشل میڈیا پر جو کٹوتی شیڈول گردش کررہا ہے وہ جعلی ہے اور… اور سو فیصد ہے۔محکمہ کی سنی جائے تو لوگ بجلی کا غیر منصفانہ استعمال کررہے ہیں اور… اور لوگوں کے اس غیر منصفانہ استعمال کی وجہ سے بجلی کا سسٹم دباؤ میں آرہا ہے ‘ جس کے سبب اضافی کتوٹی کرنی پڑتی ہے ۔یہ صاحب گھسا پٹا بہانہ ہے… اس میں کوئی نئی بات نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے … نئی بات یہ ہوتی اگر محکمہ کہتا کہ اسے احساس ہے کہ سردیوں میں بجلی کے حوالے سے بجلی کی ضرورتیں بڑھ جاتی ہیںاور چونکہ بجلی کے علاوہ بیشتر لوگوں کے پاس گرمی حاصل کرنے کے متبادل ذرائع دستیاب نہیں ہیں… اس لئے وہ لوگوں کی اضافی ضرورت کے مطابق بجلی سپلائی کریگا… لیکن صاحب ایسی ہماری قسمت کہاں… ہماری کیا ‘ جو ہماری آئندہ کی نسلیں ہیں ‘ ان کے کان بھی اس بات کو سننے کیلئے ترس جائیں گے … اور سو فیصد ترس جائیں گے ۔خیر!واپس آتے ہیں محکمہ کے جاری ہونے والے نئے بجلی شیڈول پر ۔اس حوالے سے ہم محکمہ کو ایک مشورہ دیتے ہیں… بالکل مفت اور…اور وہ مشورہ یہ کہ وہ بجلی کا شیڈول جاری نہ کرے… کوئی بجلی شیڈول تیار ہی نہ کرے … کیونکہ لوگ شیڈول کے حساب سے بجلی فراہم ہونے کی توقع رکھتے ہیں اور… اور محکمہ ‘بجلی شیڈول کے مطابق سپلائی کر نہیں سکتا ہے… بالکل نہیں کر سکتا ہے … اور جب محکمہ شیڈول کے مطابق بجلی فراہم ہی نہیں کر سکتا ہے تو… تو پھر شیڈول جا ری کرنے کا کیا فائدہ ؟فائدہ بجلی شیڈول جاری نہ کرنے میں ہے کہ … کہ اگر محکمہ‘ بجلی کا کوئی شیڈول جاری ہی نہیں کرے گا تو… تو کشمیریوں کو یہ کہنے کا موقع ہی نہیں ملے گا کہ … کہ محکمہ اپنے ہی شیڈول کے مطابق بجلی فراہم نہیں کر پاتا ہے … بالکل بھی نہیں کرپاتا ہے ۔اس کے علاوہ دوسرا کوئی راستہ بھی نہیں ہے کہ ہم جانتے ہیں کہ جب محکمہ آج تک کبھی شیڈول پر عمل نہیں کر سکا… جب شیڈول پر ایک دن بھی عمل آوری ممکن نہیں تو… تو صاحب پھر شیڈول جاری کرنے کی تیاری کیوں؟ اس کا کوئی فائدہ نہیں ہے‘ بالکل بھی نہیں ہے …ہے نا؟