سرینگر//
جموں کشمیر کے پولیس کے ڈائریکٹر جنرل ‘دلباغ سنگھ نے زور دے کر کہا ہے کہ پاکستان نے اب ڈرون کے ذریعے ہتھیاروں اور منشیات کی سمگلنگ کا ایک نیا کھیل شروع کر دیا ہے۔
پیر کو سرینگر میں میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے کہا کہ پاکستان کے ’’ناپاک عزائم‘‘ کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔
ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے کہا’’پاکستان کے مذموم عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں۔ پچھلے کچھ سالوں میں، انہوں نے ہتھیاروں، منشیات اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (آئی ای ڈی) کی اسمگلنگ کے لیے ڈرون استعمال کرنے کا ایک نیا کھیل کھیلنا شروع کر دیا ہے‘‘۔
دلباغ نے مزید کہا کہ یہ پاکستانی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کی کوششیں ہیں۔
ڈی جی پی کا مزید کہنا تھا کہ فورس ہمیشہ ان ڈرونز کا مقابلہ کرتی ہے جنہیں ہمسایہ ملک پاکستان بھارتی علاقے میں بھیجنے کی کوشش کرتا ہے۔
دلباغ نے کہا’’پاکستان اب ڈرون کے ذریعے گولہ بارود اور منشیات بھیجنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن ہم نے ہمیشہ ان کا مقابلہ کیا اور کل رات جموں کے علاقے میں ایک اور ڈرون کو مار گرایا گیا۔ پاکستان مسلسل جموں کشمیر میں امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے لیکن پاکستان کا مقابلہ کرنے کا ہمارا طریقہ کار مضبوط ہے‘‘۔
جموں کشمیر پولیس کے سربراہ نے بتایا کہ سانبہ سیکٹر میں مقامی دیہاتیوں نے بین الاقوامی سرحد کے قریب ڈرون قسم کی مشتبہ چیز کو دیکھنے کی اطلاع دی تھی جس کے بعد پولیس نے تلاشی مہم چلائی۔
اس سے قبل جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کو، پولس نے مرکزی زیر انتظام علاقے باسپور بنگلہ آر ایس پورہ کے جنرل علاقے میں ڈرون ڈراپ کنسائنمنٹ کے سلسلے میں دو افراد کو گرفتار کیا تھا۔
دلباغ کا یہ ریمارکس نیشنل یونٹی ڈے کے موقع پر پولیس کمپلیکس میں منعقدہ پولیس پریڈ میں اپنی موجودگی کے موقع پر آیا۔
ملک کے مختلف حصوں میں آج قومی یکجہتی کا دن منایا جا رہا ہے۔ ہر ایک (پولیس اہلکاروں) نے ملک کے اتحاد کو برقرار رکھنے اور اس کی داخلی سلامتی میں حصہ ڈالنے کا عہد کیا ہے‘‘۔
۲۰۱۴سے ’آئرن مین آف انڈیا‘ سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش کو قومی اتحاد کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے تاکہ کئی ریاستوں کو انڈین یونین کے ساتھ الحاق پر راضی کرنے میں ان کی کوششوں اور شراکت کو منایا جا سکے۔