سرینگر//
مرکزی وزیر داخلہ‘ امت شاہ نے جمعہ کو کہا کہ نکسلی تشدد سے متاثرہ ریاستوں کے علاوہ جموں و کشمیر اور شمال مشرق میں سیکورٹی کی صورتحال نریندر مودی حکومت کے گزشتہ آٹھ سالوں میں بہتر ہوئی ہے۔
وزیر داخلہ قومی پولیس یادگاری دن کے موقع پر نئی دہلی کے چانکیہ پوری علاقے میں نیشنل پولیس میموریل میں اعلیٰ پولیس اور نیم فوجی کمانڈروں سے خطاب کر رہے تھے۔
شاہ نے کہا’’شمال مشرق میں‘ ہم نے مسلح افواج (اے ایف ایس پی اے کے تحت) کو دیے گئے خصوصی اختیارات کو ختم کر دیا ہے اور اس کے بجائے‘ وہاں کے نوجوانوں کو خصوصی اختیارات دیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں ان علاقوں میں تشدد میں ۷۰ فیصد سے زیادہ کمی آئی ہے‘‘۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جموں کشمیر کی صورتحال ایسی ہے کہ جو لوگ پہلے سیکورٹی اہلکاروں پر پتھراؤ کرتے تھے اب پنچ اور سرپنچ بن گئے ہیں۔
قومی پولیس یادگاری دن سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اُن ۱۰؍ اہلکاروں کی یاد میں منایا جاتا ہے جو اس دن۱۹۵۹ میں لداخ کے’ہاٹ سپرنگ‘کے علاقے میں چینی فوجیوں کے ذریعہ گھات لگا کر مارے گئے تھے۔