سرینگر//
تحصیل اوڑی میں منکی پوکس کے دو مشتبہ کیس سامنے آگئے ہیں لیکن ابھی ان کی تصدیق ہونا باقی ہے۔دونوںافراد کو قرنطین کر دیا گیا ہے جبکہ محکمہ صحت کی ٹیم علاقہ میں خیمہ زن ہو گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آٹھ افراد کے نمونے لئے گئے لیکن علامات کی شدت کی وجہ سے‘ دو افراد کے نمونے سکمزکے مائیکرو بایولوجی ڈیپارٹمنٹ کو جانچ کے لیے بھیجے گئے ہیں تاکہ منکی پوکس کی تصدیق یا امکان کو مسترد کیا جا سکے۔
بلاک میڈیکل افسر ڈاکٹر پرویز مسعودی نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ یہ مشتبہ کیسز اوڑی کے لچھی پورہ علاقہ سے سامنے آئے ہیں۔ متاثرہ افراد کو آئیسولیشن میں رکھ کر کیسز کی جانچ کے لیے نمونے لیبارٹری بھیجے گئے ہیں۔
رپورٹ آنے کے بعد ہی کیسز کی صحیح تصدیق ہوپائے گی۔انہوںنے بتایا کہ یہ ایک ایسی بیماری ہے جس میں مریض میں بخار کے ساتھ ساتھ اسکن پر چھوٹے چھوٹے دانے نکلتے ہیں۔ اس علاوہ مریض کے جسم پر مختلف طرح کے اثرات دیکھے جاسکتے ہیں۔
اس بیماری کے پیش نظر علاقے میں آگاہی مہم چالائی جارہی ہے تاکہ لوگوں کو اس بیماری سے متعلق جانکاری فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں منکی پاکس کے مشتبہ دو معاملے سامنے آنے کے بعد سے محکمہ صحت کی ٹیم لچھی پورہ گاؤں پہنچی ہے، جہاں گاؤں کے دوسرے لوگوں میں اس بیماری کی جانچ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا، ریاستی وبائی امراض کی ٹیم (آئی ڈی پی ایس) ٹیم بارہمولہ کے ساتھ موقع پر گئی اور متاثرہ لوگوں کے نمونے لیے اکھٹا کرر ہی ہے۔