جموں/۷اکتوبر
جموںکشمیر بھاجپا یونٹ کے صدر رویندر رینا نے جمعے کے روز کہا کہ ستر سالوں سے نیشنل کانفرنس ، کانگریس اور پی ڈی پی نے لوگوں کو کافی زخم دئے ہیں ۔
رینا نے کہا کہ پی ڈی پی ، کانگریس اور نیشنل کانفرنس لوگوں کے ہمدرد نہیں بلکہ سب سے بڑے دشمن ہیں۔
فاروق عبداللہ سے مخاطب ہوتے ہوئے بی جے پی صدر نے کہاکہ این سی سرپرست انسانی حقوق کی پامالیوں میں براہ راست ملوث ہیں۔
ان باتوں کا اظہار رینا نے جموں میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
بی جے پی یونٹ صدر نے کہاکہ وزیر داخلہ کا دورے جموں وکشمیر کامیاب رہا ہے ۔اُن کے مطابق وزیر داخلہ نے دورے کے دوران مختلف وفود کے ساتھ ملاقات کی جس دوران جتنے بھی مسائل اُبھارے گئے اُنہیں حل کرنے کا یقین دلایا گیا۔
رینا نے کہا”میں جموں وکشمیر کے لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتاہوں جنہوں نے راجوری اور بارہ مولہ میں عوامی ریلیوں کو کامیاب بنایا“۔انہوں نے کہاکہ جتنے جموں کے لوگ حب الوطنی سے سرشار ہے اس سے زیادہ کشمیر کے لو گ بھی بھارت سے محبت رکھتے ہیں۔
بی جے پی یونت صدر نے مزید کہا کہ ہم سماج کے ہر طبقے کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کے تین روزہ دورے کے بعد جموں وکشمیر کی سیاسی تصویر اب بدلنے والی ہے ۔
رینا نے کہاکہ جموں وکشمیر میں ستر سالوں تک پی ڈی پی ، نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے راج کیا اور اس دوران بہت سارے مسائل کو بھی جنم دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بھاجپا ڈیلی ویجروں سمیت سبھی مسائل کو ایک ایک کرکے حل کرئے گی۔
نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے مخاطب ہوتے ہوئے رینا نے کہاکہ میں فاروق صاحب کو بتا دینا چاہتاہوں کہ پچھلے ستر سال کے دوران آپ نے جموں وکشمیر کے لوگوں کے حقو ق پر شب خون مارا ہے ۔اُن کے مطابق یہی لوگ انسانی حقوق کی پامالیوں میں بھی براہ راست ملوث رہے ہیں ۔
بی جے پی یونٹ صدر نے کہاکہ پی ڈی پی ، این سی اور کانگریس نے لوگوں کے پیٹ میں چھرا گھونپ کر اُنہیں کافی زخم دئے لیکن اب ایسا ہرگز نہیں ہوگا۔
رینا کے مطابق ہمارا نعرہ سب کا ساتھ ، سب کا وشاس اور سب کا وکاس ہے اور اس پر ہم سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔