سرینگر//
وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بیروہ کے ڈاکٹروں نے دنیا کا سب سے لمبا دانت نکالنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، بلاک میڈیکل آفیسر بیروہ‘ ڈاکٹر جاوید احمد نے بتایا کہ ہفتہ کو ایس ڈی ایچ بیروہ میں ایک شخص سے دانت نکالا گیا جو۵ء۳۷ ملی میٹر سے زیادہ لمبا پایا گیا ۔
ڈاکٹر جاوید نے بتایا کہ مقامی مریض گزشتہ دس سے پندرہ دنوں سے درد کی شکایت کر رہا تھا اور جب ایکسرے کیا گیا تو ڈاکٹروں نے بتایا کہ دانت نکالنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر کاکہنا تھا’’دانت نکالنے میں تقریباً ایک گھنٹہ ۳۰ منٹ لگا اور گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اب تک نکالا گیا سب سے لمبا دانت ۲ء۳۷ ملی میٹر ہے اور ہم نے جو دانت نکالا ہے وہ۵ء۳۷ ملی میٹر سے زیادہ ہے اس لیے یہ اب تک کا سب سے لمبا دانت نکل سکتا ہے‘‘۔
بی ایم او نے کہا کہ مریض کو زیر نگرانی رکھا گیا ہے اور وہ ٹھیک ہو رہا ہے۔