نئی دہلی//
وزیر اعظم ‘نریندر مودی نے ہفتہ کو انڈیا موبائل کانگریس میں ملک میں فائیوجی خدمات کا آغاز کیا جس دوران انہوں نے فائیوجی پر مبنی مصنوعات کا جائزہ بھی لیا۔ اس کے ساتھ ملک کے۱۳شہروں میں ۵جی خدمات شروع کی جا رہی ہیں۔
وزیر اعظم نے آج سے دارالحکومت کے پرگتی میدان میں چار روزہ انڈیا موبائل کانگریس کا بھی آغاز کیا۔فائیوجی متعارف کرانے پر ہم وطنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ۱۳۰کروڑ ہندوستانیوں کو ٹیلی کام انڈسٹری کی طرف سے فائیوجی کی شکل میں ایک شاندار تحفہ ملا ہے ۔ ’’فائیوجی ملک کے دروازے پر ایک نئے دور کی دستک ہے ۔ فائیوجی مواقع کے لامحدود آسمان کا محض آغاز ہے ‘‘۔
مودی نے کہا کہ نیا ہندوستان محض ٹیکنالوجی کا صارف نہیں رہے گا بلکہ ہندوستان اس کے نفاذ اور ترقی میں فعال کردار ادا کرے گا۔ ہندوستان مستقبل کی وائرلیس ٹیکنالوجی کی ڈیزائننگ اور مینوفیکچرنگ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ٹوجی‘تھری جی‘ فورجی کے وقت ہندوستان ٹیکنالوجی کیلئے دوسرے ممالک پر منحصر تھا۔ لیکن فائیوجی کے ساتھ ہندوستان نے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے ۔فائیوجی کے ساتھ ہندوستان پہلی بار ٹیلی کام ٹیکنالوجی میں عالمی معیار قائم کر رہا ہے ۔
ڈیجیٹل انڈیا کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ یہ صرف ایک سرکاری اسکیم ہے ۔ لیکن ڈیجیٹل انڈیا صرف ایک نام نہیں ہے ، یہ ملک کی ترقی کا ایک بڑا وژن ہے ۔ اس وژن کا مقصد اس ٹیکنالوجی کو عام لوگوں تک پہنچانا ہے جو لوگوں کے لیے کام کرتی ہے ، لوگوں کے ساتھ کام کرتی ہے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت نے بیک وقت چار سمتوں میں چار ستونوں پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ پہلے ڈیوائس کی قیمت، دوسرا ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی، تیسرا ڈیٹا کی قیمت اور چوتھا پہلے ڈیجیٹل کی سوچ۔
مودی نے کہا کہ۲۰۱۴میں صفر موبائل فون برآمد کرنے سے آج ہزاروں کروڑ کے موبائل فون برآمد کرنے والا ملک بن گیا ہے ۔ قدرتی طور پر ان تمام کوششوں کا اثر ڈیوائس کی قیمت پر پڑا ہے ۔ اب مزید خصوصیات بھی کم قیمت پر دستیاب ہیں۔
وزیراعظم مودی نے کہا کہ جیسے ہی حکومت نے گھر گھر بجلی فراہم کرنے کی مہم شروع کی، جس طرح ہر گھر جل ابھیان کے ذریعے سب کو صاف پانی فراہم کرنے کے مشن پر کام کیا، اسی طرح اجولااسکیم کے ذریعہ غریب سے غریب لوگوں کے گھروں میں گیس سلنڈر کے ایندھن فراہم کی۔ اسی طرح ان کی حکومت انٹرنیٹ سب کیلئے کے مقصد پر کام کر رہی ہے ۔
مودی کاکہنا تھا’’ ایک وقت تھا جب اشرافیہ کے چند مٹھی بھر لوگ غریب لوگوں کی صلاحیتوں پر شک کرتے تھے ۔ انہیں شک تھا کہ غریب لوگ ڈیجیٹل کا مطلب بھی نہیں سمجھ پائیں گے ۔ لیکن مجھے ہمیشہ ملک کے عام آدمی کی سمجھ، اس کے ضمیر، اس کے متجسس ذہن پر یقین رہا ہے ‘‘۔
وزیراعظم نے اپوزیشن پر بھی حملہ کیا۔ انہوں نے کہا’’ہماری حکومت کی کوششوں کی وجہ سے ہندوستان میں ڈیٹا کی قیمت بہت کم رہی ہے ۔ یہ الگ بات ہے کہ ہم نے اس پر ہنگامہ نہیں کیا، بڑے بڑے اشتہارات نہیں دئیے ۔ ہم نے اس بات پر توجہ مرکوز کی کہ ملک کے لوگوں کی سہولت کیسے بڑھائی جائے ‘‘۔
اس سے پہلے ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین‘ مکیش امبانی نے یقین دلایا کہ جلد ہی ملک فائیوجی کی سپر فاسٹ انٹرنیٹ خدمات سے لطف اندوز ہو سکے گا۔
دیوالی تک منتخب میٹرو شہروں میں اور۲۰۲۳کے آخر تک ملک بھر کے ہر شہر اور ہر تعلقہ میں فائیوجی سروس شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ فائیوجی خدمات ہندوستان میں دنیا کے مقابلے سستی ہوں گی۔
امبانی نے کہا’’فائیوجی کا رول آؤٹ ہندوستان کی ٹیلی کام کی تاریخ میں کوئی معمولی واقعہ نہیں ہے ۔ ہوسکتا ہے کہ ملک نے تھوڑی دیر سے شروعات کی ہو، لیکن ہم دنیا کے مقابلے اعلیٰ معیار اور زیادہ سستی فائیوجی سروسز متعارف کرائیں گے ‘‘۔
ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین نے فائیوجی کو ڈیجیٹل کامدھینو کے طور پر بیان کیا اور وزیر اعظم کی قیادت میں فائیوجی کے لیے کئے گئے اقدامات کی بھی تعریف کی اور کہا کہ فائیوجی اگلی نسل کی کنیکٹیویٹی ٹیکنالوجی سے زیادہ ہے ۔ان کاکہنا تھا’’ یہ ایک بنیادی ٹیکنالوجی ہے جو مصنوعی ذہانت، انٹرنیٹ آف تھنگز، روبوٹکس، بلاک چین اور میٹاورس جیسی دیگر ٹیکنالوجی کی مکمل صلاحیت کو پوری طرح سے کھول دے گی۔‘‘