سرینگر//
مہاراشٹرہ کے پونے شہر سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے نے منالی سے کشمیر کا پیدل سفر نو ماہ کے طویل عرصے میں مکمل کیا اور یہ جوڑا سری نگر پہنچ گیا۔
سرینگرپہنچنے پر میاں بیوی نے بتایا کہ وہ منالی سے ہوتے ہوئے لداخ براستہ سرینگر پہنچیں جس دوران انہیں لوگوں کا کافی پیار ملا ۔انہوں نے کہا کہ پہاڑوں کی حالت زار دیکھ اُن کا دل کافی رنجیدہ ہوا ہے ۔
نکھل او راُس کی اہلیہ پرینیتی نے لالچوک سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایا’’ ہم ۲۰۱۹میں کشمیر کی سیر وتفریح پر آئے اور واپسی پر فیصلہ کیا کہ اب منالی سے پیدل سرینگر تک مسافت طے کریں گے ‘‘۔
جوڑے نے کہا کہ نوکری کو خیر باد کہہ کر نو ماہ قبل منالی سے سری نگر کی طرف پیدل سفر شروع کیا جس دوران ہم نے دیہی اور پہاڑی علاقوں میں راتیں گزاریں۔اُن کے مطابق کشمیر کے کلچر اور ثقافت کو پوری طرح سے سمجھنے کی خاطر ہی نو ماہ تک پیدل سفر کیا تاکہ یہاں کے قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہو سکے ۔
نکھل اورپرینیتی نے بتایا ’’ ہم یومیہ ۲۰سے۲۵کلومیٹر کا پیدل سفر کرتے تھے اور رات کسی گاؤں میں گزارتے تھے ‘‘۔انہوں نے کہا جہاں پر بھی پڑاؤ کیا وہاں کے لوگوں نے کافی پیار دیا ۔
اس جوڑے نے بتایا کہ ان نو ماہ کے دوران ہم نے پہاڑوں کا مشاہدہ کیا جس دوران یہ محسوس ہوا کہ ان پہاڑوں کی دیکھ ریکھ کی خاطر بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے ۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ واقعی کشمیر جنت کا ایک ٹکڑا ہے یہاں کے پہاڑوں کو دیکھنے اور دیہی علاقوں کے لوگوں سے ملاقات کرکے بہت اچھا لگا۔