سرینگر/28ستمبر
وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر،جموں قومی شاہراہ کو ضلع رام بن کے کیفٹڑیا موڑ پر چٹانیں کھسکنے کے پیش نظربدھ کی صبح ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کر دی گئی۔
ٹریفک حکام کے مطابق قومی شاہراہ پر کیفٹ ایریا کے مقام پر پہاڑی سے چٹانیں نیچے آنے کا سلسلہ جاری ہے جس وجہ سے ٹریفک کی نقل وحمل متاثر ہو رہی ہے ۔
اُن کے مطابق صبح گیارہ بجکر 30 منٹ پر کیفٹ ایریا کے نزدیک ایک دفعہ پھر چٹانیں نیچے آنے کا سلسلہ شروع ہو ا جس وجہ سے ٹریفک کی آمدورفت کو فی الحال روک دیا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ تاہم جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ وادی کے لئے شہہ رگ کی حیثیت رکھنے والی اس قومی شاہراہ پر ٹریفک بند ہونے سے لوگوں کو گونا گوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے ۔