سرینگر/ 27 ستمبر
جنوبی ضلع کولگام کے آہٹو گاوں میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین جاری تصادم میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کولگام کے آہٹو گاوں میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے منگل کی سہ پہر گاوں میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکار جوں ہی مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران ایک ملی ٹینٹ مارا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ جاں بحق ملی ٹینٹ کی شناخت اور اُس کی تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے ۔
علاقے میں محصور اور ایک جنگجو کو مار گرانے کی خاطر اضافی کمک کوطلب کیا گیا۔
اس سے پہلے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج‘ وجے کمار نے بتایا کہ علاقے میں جیس محمد کے دو جنگجو پھنسے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں سیکورٹی فورسز پر حملوں اور عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔انہوں نے بتایا کہ علاقے میں محصور ملی ٹینٹ متعدد کیسوں میں سیکورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب ہے ۔اُن کے مطابق اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے ۔