سرینگر//
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے جموںکشمیر یونٹ نے بدھ کے روز یہاں ہری سنگھ ہائی سٹریٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی کی زندگی پر ایک فوٹو نمائش کا اہتمام کیا۔
اس موقع پر بی جے پی کے تنظیمی جنرل سکریٹری اشوک کول نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے یہاں بازار میں وزیر اعظم نریندر مودی کی زندگی پر فوٹو نمائش کا اہتمام کیا ہے ۔
کول نے کہا کہ اس نمائش میں مودی جی کے بچپن، جوانی کے بارے میں دکھایا جائے گا اور سال۲۰۰۲میں گجرات کے وزیر اعلیٰ بننے اور سال۲۰۱۴سے ملک کے وزیر اعظم بننے کے بعد ان کے کام کو دکھایا جائے گا۔
بی جے پی لیڈر کا کہنا تھا کہ ہمارے ضلع صدر اشوک بٹ اور جانباز لیڈر آصف خان نے اس نمائش کے انعقاد کے لئے کافی محنت کی۔
جنرل سکریٹری نے کہا کہ یہ نمائش دن بھر جاری رہے گی اور اس کو دیکھنے سے لوگوں کو مودی جی کی شخصیت اور کام کرنے کے ڈھنگ کو سمجھنے کا موقعہ ملے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی نمائش کا اہتمام جگہ جگہ کیا جائے گا۔انہوں نے لوگوں سے اس نمائش کو دیکھنے کی اپیل کی۔