سرینگر//
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ جموں کشمیر کے ہر ضلعے میں بہت جلد سو سیٹوں والے سنیما گھر قائم کئے جائیں گے ۔
سنہا نے کہا کہ کشمیر میں ایک وقت ایسا بھی تھا جب لوگ اپنے دوستوں اور کنبوں کے ساتھ فلمیں دیکھنے کے لئے آیا کرتے تھے ۔
ان کا کہنا تھا کہ آج یہاں سنیما گھروں کا دوبارہ کھل جانا جموں و کشمیر کی بدلتی ہوئی تصویر کی عکاس ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں پہلے ملٹی پلیکس سنیما گھر کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے خطاب کے دوران کیا۔
سنہا نے کہا’’کشمیر میں ہر جگہ سنیما کے شوقین لوگ ہیں اور وادی میں سنیما گھروں کی ایک عظیم تاریخ ہے ‘‘۔
ایل جی کا کہنا تھا’’یہاں ایک وقت ایسا بھی تھا جب لوگ اپنے دوستوں اور کنبوں کے ساتھ فلمیں دیکھنے کیلئے آیا کرتے تھے اور سنیما ان کو تفریحی سامان فراہم کرنے کے علاوہ بڑا سوچنے اور بڑے خواب دیکھنے کا موقع فراہم کرتے تھے ‘‘۔
سنہا نے کہا کہ سال۱۹۶۵ میں شمی کپور کی فلم ’جانور‘ کو براڈ وے سنیما میں دکھایا گیا تھا۔انہوں نے کہا’’کپور خاندان کو کشمیر کے ساتھ اس قدر محبت تھی کہ شمی کپور نے اپنے اہل خانہ سے آخری رسومات سرینگر کے جھیل ڈل میں انجام دینے کی وصیت کی تھی‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر کا کہنا تھا کہ کشمیر کے لوگ گذشتہ تیس برسوں کے دوران تفریحی سامان سے محروم رہے ۔انہوں نے کہا کہ آج پہلا ملٹی پلیکس سنیما گھر اہلیان وادی کو تفریحی سامان فراہم کرنے کا موجب بن جائے گا۔
سنہا نے کہا کہ شوپیاں اور پلوامہ میں بہت جلد دو ملٹی پرپز سنیما ہال قائم کئے جائیں گے اور جموں وکشمیر کے ہر ضلعے میں سو سیٹوں والے سنیما گھر قائم کئے جائیں گے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سرینگر ایک زمانے میں تفریح کا مرکز مانا جاتا تھا جب یہاں پلیڈم، ریگل، شیراز، نیلم، خیام، براڈ وے ، ناز اور فردوس جیسے آٹھ سنیما گھر موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک بار پھر اس زمانے کو واپس لانا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج یہاں سنیما گھروں کا دوبارہ کھل جانا جموں و کشمیر کی بدلتی ہوئی تصویر کا عکاس ہے ۔
ایل جی نے کہا کہ پانچ اگست۲۰۱۹ایک تاریخی دن تھا جب ملک کے پارلیمنٹ نے ایک بہت بڑا فیصلہ لیا۔انہوں نے کہا’’دلی سرکار جموں وکشمیر میں امن خریدنے کے بجائے امن قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے ‘‘۔
نئی فلم پالیسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حال ہی کشمیر میں کئی فلموں کی شوٹنگ کی گئی اور مزید کئی فلموں کی یہاں شوٹنگ کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہاں بہت جلدی فلم سٹی قائم کی جائے گی جس کے لئے ہم کام کر رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ نئی فلم پالیسی کے تحت نوجوان فلم سازوں کو کافی مراعات دی جائیں گی تاکہ مقامی روزگار پیدا کیا جاسکے ۔