سرینگر//
شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے گتلی پورہ گاؤں میں منگل کی صبح ایک۲۵سالہ جوان کو اپنے ہی گھر میں لٹکے ہوئے پایا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ کپوارہ کے گتلی پورہ گاؤں میں منگل کی صبح ایک نوجوان کو اپنے ہی گھر میں رسی کے ساتھ لٹکے ہوئے پایا گیا۔انہوں نے کہا کہ گرچہ گھر والوں اور مقامی لوگوں نے فوری طور نوجوان کو سب ضلع ہسپتال کپوارہ پہنچایا لیکن وہاں موجود ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا۔متوفی نوجوان کی شناخت۲۵سالہ جعفر احمد نجار ولد ولی محمد نجار کے بطور ہوئی ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے قانونی کارروائیاں شروع کی ہیں۔
بتادیں کہ یہ وادی کشمیر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اس نوعیت کا پیش آنا والا دوسرا واقعہ ہے ۔پیر کے روز وسطی ضلع بڈگام کے آرتھ گاؤں میں ایک جوان سال وکیل کی لاش کو ایک درخت کے ساتھ لٹکے ہوئے پایا گیا تھا۔
وادی میں پیش آنے والے ایسے واقعات سے لوگوں میں بالعموم اور حساس طبقے میں بالخصوص تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔
غلام حسین نامی ایک بزرگ نے یو این آئی کیو بتایا کہ کشمیر جس کو دنیا میں صوفیوں اور سنتوں کی آماجگاہ سے بھی یاد کیا جاتا ہے ، میں اس قسم کے واقعے رونما نہیں ہوتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا سادہ رہن سہن، بھائی چارہ، محبت و اخوت اپنی مثال آپ تھا لیکن گذشتہ کچھ برسوں یہاں جس نوعیت کے واقعات رونما ہو رہے ہیں اس سے معلوم ہوتا ہے کہ ہمارا سماج کس حد تک بگڑ گیا ہے ۔
ان کا ماننا ہے کہ معاشرے میں پنپ رہی برائیوں اور خرابیوں کی بیخ کنی کیلئے حکومت ہی ذمہ دار نہیں ہے بلکہ ہر فرد کو اپنی استعداد کے مطابق اپنا رول ادا کرنا ہوگا۔