سرینگر/۶ستمبر
سٹیٹ تحقیقاتی ایجنسی( ایس آئی اے ) نے ملی ٹنسی سے متعلق کیس کے سلسلے میں منگل کے روز کشمیر میں کئی مقامات پر چھاپے مارے ۔
ایس آئی اے کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملی ٹنٹ تنظیموں کے نیٹ ورک کی لگام کو مزید کستے ہوئے ایس آئی اے نے منگل کی صبح کشمیر میں کئی مقامات پر تلاشی کارروائیاں انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ اونتی پورہ، شوپیاں، پلوامہ، اننت ناگ اور بارہمولہ میں مشکوک افراد کے گھروں کی تلاشی کی گئی۔
بیان میں کہا گیا”یہ کارروائیاں وادی میں متحرک ایک ملی ٹنٹ گرڈ کے متعلق ایک کیس کے سلسلے میں انجام دی گئیں اور ابتدائی طور پر جن تفصیلات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں ان میں وہ پاکستانی ماسٹر مائنڈس شامل ہیں جو پاکستانی ایجنسیوں اور پاکستان نشین جیش محمد تنظیم کے تعاون سے جموں و کشمیر میں جنگجویانہ سرگرمیاں انجام دینے کے لئے جنگجو اعانت کاروں کو سر گرم کر رہے ہیں“۔
بیان کے مطابق پاکستانی ماسٹر مائنڈس کی شناخت معلوم کی جا چکی ہے لیکن ان کی تفصیلات کو صیغہ راز میں رکھا گیا ہے تاکہ ان کے ساتھ منسلک ایجنٹ الرٹ نہ ہوسکیں۔
ترجمان نے کہا کہ تلاشی کارروائیوں کے دوران قابل اعتراض مواد، موبائل فون اور دیگر چیزیں جن کا تحقیقات کے ساتھ تعلق ہے ، کو ضبط کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں کا مقصد ملی ٹنسی کو سپورٹ کرنے والے جنگجو اعانت کارروں کو آئیڈنٹفائی کرکے وادی میں ٹیرر اکوسسٹم کو ختم کرنا ہے ۔