سرینگر/۵ستمبر
وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ رام بن میں چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کر دی گئی۔
ٹریفک پولیس ذرائع نے بتایا کہ رام بن میں کیفٹڑیا موڑ اور مہاڑ میں لگاتار چٹانیں اور مٹی کے تودے کھسک آنے سے قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی ہے ۔
ذرائع نے کہا کہ قومی شاہراہ کو قابل آمد و رفت بنانے کےلئے کام جاری ہے ۔
دریں اثنا ضلع مجسٹریٹ رام بن نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ کیفٹریا موڑ اور مہاڑپر لگاتار بارشوں سے مٹی کے تودے گرآنے کی وجہ سے قومی شاہراہ ٹریفک کے لئے بند کردی گئی ہے ۔
مجسٹریٹ نے لوگوں نے اس شاہراہ پر سفر کرنے سے اجتناب کرنے کی اپیل کی ہے ۔
محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر کےلئے شہہ رگ کی حیثیت رکھنے والی سرینگر،جموں قومی شاہراہ کے بند ہونے سے اہلیان وادی کو گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ کے بند ہونے سے جہاں وادی میں اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہوجاتی ہے وہیں گراں بازاری بھی آسمان چھونے لگتی ہے ۔