رامبن//
جموں کشمیر کی رامبن پولیس نے گول دھماکہ کیس میں گول علاقے کے جبار جنگلات سے دو گرینیڈ برآمد کیے ہیں۔
یہ گرینیڈ گول دھماکہ کیس کے اہم ملزم شوکت علی لائیوال کے انکشاف پر برآمد کئے گئے۔
پولیس کے مطابق گرینیڈ کو جبار کے جنگلات میں مستقبل میں سکیورٹی فورسز پر استعمال کرنے کی نیت سے چھپایا گیا تھا۔
شوکت علی لائیوال کو چند روز قبل اس کیس میں گرفتار کیا گیا تھا اور اس سے مسلسل پوچھ گچھ کی جا رہی تھی۔ پوچھ گچھ کے دوران اس نے سکیورٹی فورسز پر دھماکہ خیز مواد کی سازش کا حصہ ہونے کا اعتراف کیا اور انکشاف کیا کہ اس نے گول علاقے کے جبار جنگلات میں مزید دو گرینیڈ چھپائے ہیں۔
صحیح جگہ کا انکشاف کرنے کے لیے فوری طور پر ایک خصوصی ٹیم مرکزی ملزم شوکت علی لائیوال کے ساتھ موقع پر پہنچی اور ایس ایس پی رامبن موہتا شرما آئی پی ایس، ایس ڈی پی او گول نہار رنجن، نائب تحصیلدار گول نذیر کی موجودگی میں موقع سے دو زندہ گرینیڈ برآمد ہوئے۔
واضح رہے کہ ضلع رامبن کے گول علاقے میں قائم پولیس پوسٹ اند میں ۲؍ اگست کی سہ پہر کو ایک گرینیڈ داغا گیا۔ اس حملے میں دو پولیس اہلکاروں کو معمولی چوٹیں آئی تھیں۔ پولیس نے بلاسٹ کیس کو ۷۲ گھنٹوں کے دوران حل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے دو افراد کی گرفتاری عمل میں لائی تھی۔