اوساکا// ہندوستان کے اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی ایچ.ایس. پرنے نے جاپان اوپن 2022 میں سنگاپور کے لوہ کین یو کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی، جب کہ ان کے ہم وطن کدامبی سری کانت جاپان کے کانتا سنیاما سے پری کوارٹر فائنل میں ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے کامن ویلتھ گیمز 2018 کے گولڈ میڈلسٹ پرنے نے ٹاپ 16 کے مقابلے میں بہتر رینک والے کین یو کو 22-20، 21-19 سے شکست دی۔ کوارٹر فائنل میں پرنے کا مقابلہ تائیوان کے چو تیئن چین سے ہوگا۔
سنگاپور کے کین یو نے پرنے کے خلاف دونوں گیمز میں اچھی شروعات کی لیکن ایک بار بھی جیت نہ سکے۔ پرنے نے پہلے گیم میں 11-17 اور دوسرے گیم میں 4-11 سے پیچھے جانے کے بعد واپسی کرتے ہوئے دونوں گیمز جیتے۔
پرنے جاپان اوپن سپر 750 ٹورنامنٹ میں ہندوستان کے واحد امید ہیں جن سے تمغے کی توقع ہے کیونکہ ان کے ہم وطن سری کانت جاپان کے سونیاما سے ہارنے کے بعد باہر ہو گئے۔
دونوں کھلاڑی پہلی بار ایک دوسرے کے آمنے سامنے تھے، جہاں عالمی درجہ بندی کے 17 نمبر کے سنیاما نے 14 ویں نمبر کے سری کانت کو 40 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں 21-16، 21-10 سے شکست دی۔
سابق عالمی نمبر ایک اور کامن ویلتھ گیمز 2022 کے کانسی کا تمغہ جیتنے والے کدامبی سری کانت نے پچھلے راؤنڈ میں آل انگلینڈ چمپئن لی زی جیا کو ہرانے کے لیے سخت محنت کی تھی لیکن میچ میں سونایاما کو چیلنج نہیں دے سکے اور دونوں گیمز ہار گئے۔