میلبورن// کرکٹ آسٹریلیا نے جمعرات کو ستمبر میں ہندوستان کے دورے اور اکتوبر میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کیا، جس میں ٹم ڈیوڈ کو شامل کیا گیا ہے۔
متحدہ عرب امارات میں گزشتہ سال کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 کی فاتح آسٹریلیا نے لیگ اسپنر مشل سویپسن کے علاوہ گھر پر ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے لیے اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔
ڈیوڈ کو لیگ اسپنر سویپسن کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جو اپنی جارحانہ بلے بازی کے باعث فرنچائز کرکٹ میں توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ آسٹریلیا اور سنگاپور کی مشترکہ قومیت رکھنے والے ٹم ڈیوڈ نے سنگاپور کے لیے 11 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے ہیں، اور اب وہ آسٹریلیائی کرکٹ میں ڈیبیو کرنے کے لیے تیار ہیں۔
گزشتہ دو برسو ں میں، ڈیوڈ نے فرنچائزی کرکٹ میں 86 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے، 168.40 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1,874 رنز بنائے۔ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ ڈیوڈ اوسطاً ہر 4.5 گیندوں پر ایک چوکا یا چھکا لگاتے ہیں اور اس کا اسٹرائیک ریٹ 16 سے 20 اوورز کے درمیان 204.8 تک پہنچ جاتا ہے۔
دریں اثناء کرکٹ آسٹریلیا نے مطلع کیا ہے کہ اوپنر ڈیوڈ وارنر کو دورہ ہندوستان کے لیے آرام دیا جائے گا۔ ان کی جگہ کیمرون گرین ٹیم کے ساتھ ہندوستان جائیں گے۔ آل راؤنڈر مچل مارش کو انجری کے باوجود ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ نیز، بورڈ کا خراب فارم کے باوجود کپتانی کے لیے ایرون فنچ پراعتماد برقرار ہے۔
آسٹریلیا کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ مہم کا آغاز 22 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہوگا۔
آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ: ایرون فنچ (کپتان)، پیٹ کمنز (نائب کپتان)، ایشٹن اگر، ٹم ڈیوڈ، جوش ہیزل ووڈ، جوش انگلس، مچل مارش، گلین میکسویل، کین رچرڈسن، اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک، مارکس اسٹونیس، میتھیو ویڈ، ڈیوڈ وارنر، ایڈم زمپا۔