نئی دہلی// اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) اپریل-جون کی پہلی سہ ماہی میں مجموعی گھریلو مصنوعات (جی ڈی پی) کی شرح نمو کے تخمینہ 6.7 فیصد سے کم ہونے کے پیش نظر رواں مالی سال میں جی ڈی پی کی شرح نمو 7.0 فیصد رہنے کا اندازہ لگایا ہے ۔
ایس بی آئی گروپ کے چیف اکنامک ایڈوائزر ڈاکٹر سومیا کانتی گھوش نے ہفتہ کو جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہاکہ "ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے پہلی سہ ماہی میں 7.1 فیصد کی ترقی کی بنیاد پر مالی سال 25 میں جی ڈی پی کی شرح نمو 7.2 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا ہے ۔ اب، پہلی سہ ماہی میں 6.7 فیصد کی ترقی کے ساتھ نیا سالانہ تخمینہ 7.1 فیصد ہوگا۔ "ہمارا خیال ہے کہ مالی سال 2025 کے لیے جی ڈی پی کی نمو آر بی آئی کے تخمینہ سے تھوڑی کم ہوگی اور 7.0 فیصد کی نمو زیادہ مناسب معلوم ہوتی ہے ۔”
انہوں نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ہندوستان کی معیشت میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 6.7 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ گزشتہ چار سہ ماہیوں میں معیشت میں 7 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا اور پہلی سہ ماہی کی کارکردگی زراعت اور خدمات دونوں شعبوں میں کم ترقی کی وجہ سے کم رہی۔ جبکہ زراعت میں صرف 2.0 فیصد اضافہ ہوا، سروس سیکٹر میں 7.2 فیصد اضافہ ہوا۔ تاہم، پہلی سہ ماہی میں برائے نام جی ڈی پی میں 9.7 فیصد اضافہ ہوا، جو گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 8.5 فیصد اضافے سے زیادہ ہے ۔ اگرچہ پہلی سہ ماہی میں جی ڈی پی کی شرح نمو کم ہوکر 6.7 فیصد ہوگئی، لیکن یہ اب بھی پہلی سہ ماہی میں 6.4 فیصد کی اوسط دہائی کی نمو سے زیادہ ہے ۔
ڈاکٹر گھوش نے کہاکہ ”جی وی اے میں 6.8 فیصد اضافہ ہوا اور جی ڈی پی اور جی وی اے کے درمیان فرق گزشتہ تین سہ ماہیوں میں 122 بیسس پوائنٹس کے اوسط فرق کے مقابلے میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں گھٹ کر صرف 19 بیسس پوائنٹس رہ گیا۔