جموں/یکم ستمبر
جموں وکشمیر پردیش کانگریس کے سینئر لیڈران کی جانب سے مستعفی ہونے کا سلسلہ جاری ہے ۔
جمعرات کے روز کانگریس یوتھ ونگ سے وابستہ متعدد لیڈران سمیت مزید 36 نے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔
اطلاعات کے مطابق کانگریس یوتھ ونگ تنظیم سے وابستہ لیڈران نے جمعرات کے روز استعفیٰ دے دیا ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ یوتھ ونگ کے سٹیٹ صدر انیرودھا رینا، جنرل سیکریٹری مانک شرما سمیت 36دیگر لیڈران نے سونیا گاندھی کو خط کے ذریعے مستعفی ہونے کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔
کانگریس یوتھ ونگ کے جنرل سیکریٹر ی مانک شرما نے سونیا گاندھی کو ارسال کئے گئے خط میں لکھا ،” میں کانگریس پارٹی سے غلام نبی آزاد کے استعفیٰ کی حمایت کر تاہوں“۔انہوں نے کہا کہ پارٹی میں جانبداری کا چلن ہے اور یہ کہ پارٹی کو کارکنوں کی کوئی فکر نہیں یہی وجہ ہے کہ کانگریس 90 فیصد چناو میں ناکام رہی۔
گورنمنٹ ڈگری کالج بلاور کے یوتھ کانگریس صدر پیوش شرما نے اپنے 19ممبران کے ہمراہ استعفیٰ دیا۔انہوں نے کہاکہ غلام نبی آزاد کی حمایت میں پارٹی سے استعفیٰ دیا۔سینئر لیڈران کے بعد اب نوجوان کارکنوں اور لیڈران کی جانب سے کانگریس سے مستعفی ہونے کے باعث پارٹی میں بغاوت کے آثار نمایاں ہے ۔
بتادیں کہ غلام نبی آزاد کی جانب سے کانگریس سے علیحدگی کے بعد جموںکشمیر کانگریس یونٹ میں ہلچل مچ گئی ہے اور ابتک قریباً دو سو سے زائد لیڈران نے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔
باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ چار ستمبر کے روز غلام نبی آزاد جموں دورے پر پہنچ رہے ہیں اور اس پر اب سبھی سیاسی پارٹیوں کی نظریں مرکوز ہے کیونکہ جموں وکشمیر کی مقامی پارٹیوں کے لیڈران بھی آزاد گروپ میں شامل ہونے کے لئے پر تول رہے ہیں۔
اب یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ آنے والے دنوں کے دوران کون سے بڑے لیڈران غلام نبی آزاد کے گروپ میں شامل ہونے جارہے ہیں۔