سرینگر/31 اگست
صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے کا کہنا ہے کہ شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں واقع ایشیا کے سب سے بڑے ولر جھیل کی خوبصورتی میں مزید چار چاند لگانے کے لئے اس کے ارد گرد نان موٹر ایبل واک وے تعمیر کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جھیل ولر اڑیسہ کے مشہور چلیکا جھیل سے بھی بعض لحاظ سے زیادہ خوبصورت ہے ۔
صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار 26 آسام رائفلز کی ولر بٹالین اور ضلع انتظامیہ بانڈی پورہ کی طرف سے منعقدہ ‘ولر فسٹیول’ کے حاشئیے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
پولے نے کہا”ولر جھیل کے ارد گرد نان موٹر یبل واک وے تعمیر کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ اس کی طرف راغب ہوسکیں“۔
صوبائی کمشنران کا کہنا تھا”اڑیسہ کا جھیل چلیکا سیاحت کےلئے دنیا میں مشہور ہے لیکن جھیل ولرحیاتیاتی تنوع اور دیگر قدرتی وسائل کے لحاظ سے اس سے زیادہ خوبصورت ہے “۔
پولے نے کہا کہ ولر جھیل میں لوگوں کی سماجی و اقتصادی حالت تبدیل کرنے کی صلاحیت ہے ۔انہوں نے کہا کہ دسمبر2019 کے بعد وادی میں سیاحوں کی آمد میں غیر معمولی اضافہ درج ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ سال رواں کے دوران اب تک قریب پچیس لاکھ سیاحوں نے جموں و کشمیر کے سیاحتی مقامات کی سیر کی۔