خواب دیکھئے … خواب دیکھنے میں کوئی حرج‘ کوئی برائی نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے ۔ لیکن اپنے بخاری صاحب ابھی سے حکومت بنانے کے خواب دیکھ رہے ہیں… ابھی الیکشن کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں ہوا … کوئی تاریخ مقرر نہیں کی گئی اور… اور اپنی پارٹی کے صدر حکومت بنانے کا خواب دیکھ رہے ہیں … نہیں اللہ میاں کی قسم ہمیں ان کے خواب دیکھنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے کہ … کہ خواب تو ہم بھی دیکھتے ہیں… آپ بھی دیکھتے ہیں … ہر کوئی دیکھتا ہے ۔ لیکن… لیکن بخاری صاحب کا جوخواب ہے … وہ سچ میں ایک خواب ہے‘ یا آپ یوں کہہ سکتے ہیں کہ خواب ہی تو ہے اور… اور اس لئے ہے کیونکہ ایک تو یہ حکومت بنانے کا خواب دیکھ رہے ہیں ‘ الیکشن جیت جانے کا خواب دیکھ رہے ہیں… ساتھ ہی یہ جناب ایک اور خواب بھی دیکھ رہے ہیں … اور اس خواب میں یہ دیکھ رہے ہیں کہ بی جے پی کو جموں کشمیر میں دس سیٹیں بھی نہیں ملیں گی … اب آپ ہی بتائیے کہ آپ بخاری صاحب کو کہیں تا کیا کہیں گے ؟… ہم تو انہیں کچھ نہیں کہیں گے اور … اور بالکل بھی نہیں کہیں گے … اور اس لئے نہیں کہیں گے کہ … کہ بالآخر یہ خواب ہی تو ہے … اپنی پارٹی کے جیت جانے اور حکومت بنانے کا خواب ‘ بی جے پی کے دس سے بھی کم نشستوں پر کامیابی کا خواب ۔ہم تو بھئی اللہ میاں سے دعا کریں گے کہ بی جے پی کے رینہ صاحب بخاری صاحب کے اس خواب کے بارے میں کچھ جان نہ سکیں کہ … کہ بے چارے جان سے جائیں گے اور… اور اس لئے جائیں گے کہ ان جناب کا بھی ایک خواب ہے… جی ہاں خواب ہے … جموں کشمیر میں بی جے پی کی سربراہی والی حکومت بنانے کا خواب‘ جس کا وزیر اعلیٰ بھی جموں سے ہی ہو گا۔اور … اور ایک اپنے بخاری صاحب ہیں جو ضد کئے ہو ئے ہیں کہ … کہ رینہ صاحب کا یہ خواب ‘ خواب ہی رہ جائے گا … اب کس کا خواب ‘ خواب بن کے رہے گا اور … اور کس کا نہیں …ہمارے خیال میں ابھی اس بارے میں کوئی بات نہ کی جائے تو…تو بہتر ہے کہ ابھی الیکشن کے انعقاد میں بہت وقت ہے … بہت… اور ہاں اس وقت تک آپ بخاری صاحب کی طرح اگر خواب دیکھنا چاہتے ہیں تو… تو دیکھ لیجئے کہ … کہ خواب دیکھنے میں کوئی حرج‘ کوئی برائی نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے ۔ ہے نا؟