سرینگر//
جموںکشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے سوپور علاقے میں تین ملی ٹینٹ معاونین کو قابل اعتراض مواد سمیت حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جمعے کی شا م کو۲۲آر آر‘۱۷۹بٹالین سی آر پی ایف اور جموں وکشمیر پولیس نے بومئی چوک سوپور میں ناکہ لگایا ۔
ترجمان نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کو دیکھتے ہی تین مشتبہ افراد نے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی تاہم حفاظتی عملے کی کارگر حکمت عملی نے اُنہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور تینوں کو دھر دبوچا گیا۔
اُن کے مطابق گرفتار شدگان کی جامہ تلاشی کے دوران تین ہینڈ گرینیڈ، نو پوسٹرس، ۱۲پاکستانی سبز ہلالی پرچم اور دوسرا قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
پولیس نے گرفتار شدگان کی شناخت شارق اشرف ولد محمد اشرف وانی ساکن ہادی پورہ رفیع آباد، ثقلین مشتاق ولد مشتاق احمد وار ساکن وار پورہ سوپور اور توفیق حسن شیخ ولد غلام حسن شیخ ساکن فتح گڑھ بارہ مولہ کے بطور کی ہے ۔
ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ گرفتار شدگان کالعدم ملی ٹینٹ تنظیم لشکر طیبہ کے بالائی وکر ہیں اور وہ غیر مقامی مزدوروں سمیت سیکورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملے کرنے کی فراق میں تھے ۔پولیس نے اس ضمن میں بومئی پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرکے مزید تفتیش شروع کی ۔