جموں//
فوج نے جموں وکشمیر کے ضلع راجوری کے نوشہرہ علاقے میں لائن آف کنٹرول پر جنگجوؤں کی طرف سے در اندازی کرنے کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے دو در اندازوں کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فوج نے نوشہرہ کے لام علاقے میں لائن آف کنٹرول پر گذشتہ شب جنگجوؤں کی طرف سے دراندازی کرنے کی ایک کوشش کو ناکام بنا دیا۔
ذرائع نے کہا کہ ایل او سی پر تعینات فوج کی لام بٹالین کے اہلکاروں نے در اندازی ہوتے ہوئے دیکھتے ہی ان کو روکنے کی کارروائی شروع کی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دوران دو در انداز مارے گئے جن کی لاشیں سرحد کے آگے پڑی ہوئی دیکھی گئیں۔
دریں اثنا ایک فوجی ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فوج نے ایل او سی پر در اندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنادیا۔
بیان میں کہا گیا’’کاڈ کاپٹر کے ذریعے دو لاشیں دیھی گئیں اور علاقے کی مزید جانچ کی جا رہی ہے ۔‘‘
دریں اثنا بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے منگل کو پنجاب میں ہندوستان۔پاکستان سرحد پر گشت کے دوران حملہ آور ہتھیاروں کا ایک ذخیرہ برآمد کیا ہے، جس کے بارے میں شبہ ہے کہ اسے سرحد پار سے اسمگل کیا گیا تھا۔
حکام نے بتایا کہ تین اے کے سیریز کی رائفلوں کے ساتھ چھ میگزینوں کے ساتھ، چار میگزینوں کے ساتھ۲؍ ایم تھری سب مشین گنیں اور دو میگزینوں کے ساتھ دو پستولوں کو فیروز پور سیکٹر سے سرحدی فورس کے اہلکاروں نے علی الصبح دریافت کیا۔
حکام نے کہا کہ شبہ ہے کہ اسلحہ پاکستان سے اسمگل کیا گیا ہے۔