سرینگر//
جموںکشمیر کے دارلخلافہ سرینگر کے نندریش کالونی بمنہ میں آتشزدگی کی بھیانک واردات کے دوران نصف درجن کے قریب رہائشی مکان خاکستر ہوئے ۔
فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔
یو این آئی اردو نامہ نگار نے بتایا کہ پیر کے روز نند ریش کالونی بمنہ میں رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل چھ مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
انہوں نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں اگر چہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات کے دوران نصف درجن کے قریب رہائشی مکان خاکستر ہوئے ۔
متاثرین کی شناخت غلام قادر شیخ ، محمد مقبول بالا، طاریق احمد بالا، ناصر احمد فاروقی، عبدالحد لون، اور پروینہ اختر کے بطور ہوئی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ آگ کی اس واردات کے دوران لاکھوں روپیہ مالیت کی اشیائراکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئی جبکہ چھ کنبوں سے وابستہ مکین کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہوئے ۔
مقامی لوگوں نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین کی باز آباد کاری اور اُنہیں ریلیف فراہم کرنے کی خاطر فوری طورپر اقدامات اُٹھائے جائیں۔